مریم نواز کا سی سی ڈی کو پریمیئرانوسٹی گیشن ایجنسی بنانے کا فیصلہ

مریم نواز کا سی سی ڈی کو پریمیئرانوسٹی گیشن ایجنسی بنانے کا فیصلہ

جدید آلات سے لیس ہیڈکوارٹر ، ہر ڈویژن، ضلع،تحصیل میں آفس، تھانے اور رہائش گاہیں بنیں گی عدلیہ میں مزید خواتین کی ضرورت ،انسانی اعضا عطیہ کرنیوالے حقیقی ہیرو :وزیراعلیٰ ،پیغام

لاہور(دنیانیوز،نیوزایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی)کو پریمیئر انوسٹی گیشن ایجنسی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔جرائم کے خاتمے اور عوامی پذیرائی کو دیکھتے ہوئے سی سی ڈی کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔سی سی ڈی کو دنیا کے پانچ بہترین جرائم کنٹرول کرنے والے اداروں کی طرز پر استوار کیا جائے گا۔جدید فارنزک، تفتیشی مہارتوں، ماڈرن ٹیکنالوجی، اے آئی سافٹ ویئر، جدید ترین انٹیلی جنس سرویلنس، مشینری اور آلات سے سی سی ڈیز کو پاکستان کے سب سے جدید ترین ادارے میں بدلا جائے گا۔مجرموں کا سراغ لگانے اور ان کی مانیٹرنگ کے جدید ترین آلات بھی سی سی ڈی کو فراہم کیے جائیں گے ۔ سی سی ڈی کا جدید ترین آلات سے لیس ہیڈکوارٹر بنانے کی بھی منظوری دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل میں سی سی ڈی آفس، تھانے اور رہائشگاہیں بنیں گی۔عید الفطر کے بعد پنجاب بھر میں غیر قانونی اسلحے کے خلاف مہم کی بھی منظوری دی گئی۔ سی سی ڈی کے اقدامات سے پنجاب میں قتل اور خواتین کے خلاف جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے ۔سی سی ڈی کے اقدامات کے بعد پنجاب میں ڈکیتی کے واقعات میں گزشتہ سال کی نسبت 77فیصد کمی آئی ہے ۔

موبائل اور بیگ چھیننے کے واقعات میں 49 فیصد، گاڑی چوری میں 17، اقدام قتل میں 31، اغوا برائے تاوان کے واقعات میں 45 فیصد کمی آئی ہے ۔غیرقانونی اسلحہ کے سدباب کے لئے نیا قانون بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے خواتین پر تیزاب چھڑکنے والوں سے نمٹنے کا ٹاسک سی سی ڈی کو دے دیا۔سی سی ڈی میں جرائم کے خاتمے کے جدید تحقیقی مرکز بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ادھر خواتین ججز کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی کی منزل طے نہیں کر سکتا۔ عدلیہ میں مزید خواتین کی ضرورت ہے ۔ لاہور ہائیکورٹ میں خاتون چیف جسٹس کی تعیناتی اہم سنگ میل ہے ۔ خواتین کی عدالتی نظام میں شمولیت سے انصاف کوبہتر بنایا جا سکتا ہے جبکہ کڈنی کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ انسانی جان بچانے کے لیے اعضا عطیہ کرنے والے افراد معاشرے کے حقیقی ہیرو ہیں۔دنیا بھر میں 85 کروڑ سے زائد افراد کا گردوں کے مرض میں مبتلا ہونا انتہائی تشویشناک ہے ، اس لیے اس مرض سے بچاؤ کے لیے عوام میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ پنجاب میں ٹرانسپلانٹ کارڈ کے ذریعے ڈائیلسز کے مریضوں کے سالانہ علاج کی حد بڑھا کر 10 لاکھ روپے تک کر دی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں