پٹرول اور ایل پی جی کے 8جہاز کراچی پہنچ گئے

 پٹرول اور ایل پی جی کے 8جہاز کراچی پہنچ گئے

25کروڑ لٹر پٹرول،30 ہزار ٹن ایل پی جی شامل،مزید2جہاز آئینگے وزیر اعظم کو تیل مہنگا کرنے کی سمری نہیں بھیجی، دعویٰ بے بنیاد:اوگرا

کراچی،اسلام آباد (محمد حمزہ گیلانی،بزنس رپورٹر،خبرایجنسیاں)25 کروڑ لٹر پٹرول لے کر4 جہاز پورٹ قاسم پہنچ گئے جس کے ساتھ ہی ملکی پٹرولیم سٹاک میں اضافہ ہوگیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے  فوری بعد پورٹ قاسم پر پٹرول سے لدے جہاز پہنچ چکے ہیں، مجموعی طور پر تقریباً 25 کروڑ لٹر پٹرول سے لدے ہوئے 4 جہاز پورٹ قاسم پہنچے ہیں، ان میں سے ایک جہاز سے 37 ہزار ٹن پٹرول کی منتقلی مکمل کرلی گئی۔ دوسری جانب پورٹ قاسم پر ایل پی جی بردار بحری جہازوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔پورٹ قاسم انتظامیہ کے مطابق4بحری جہاز لیکوئیڈ پٹرولیم گیس (ایل پی جی)کی بڑی کھیپ لے کر کراچی پہنچ چکے ہیں ،پورٹ قاسم انتظامیہ نے بتایاکہ آئندہ چند روز کے دوران مجموعی طور پر تقریباً ایک لاکھ 76 ہزار میٹرک ٹن پٹرولیم مصنوعات ملک میں درآمد ہوں گی ۔دریں اثنا ترجمان اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالہ سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اس طرح کی خبروں کو جعلی قرار دیا ہے ، ایک بیان میں ترجمان اوگرا نے واضح کیا کہ اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 73اعشاریہ 40 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 84اعشاریہ 95 روپے اضافہ کی کوئی سمری وزیرِ اعظم آفس کو نہیں بھجوائی گئی۔ انہوں نے کہا یہ دعوی ٰسراسر بے بنیاد ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں