آئی ٹی برآمدات بہتر،8ماہ میں حجم2.97ارب ڈالرہوگیا
گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 20 فیصداضافہ،خدمات کا حصہ 1.3 ارب ڈالر ’’ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان ‘‘وژن کے تحت کی جانیوالی کوششیں رنگ لا رہیں :ماہرین
اسلام آباد(نیوز رپورٹر )رواں مالی سال کے آٹھ ماہ میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کا حجم 2.97 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے ،وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام کے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں نمایاں ترقی دیکھنے میں آئی ہے ۔ مالی سال 2025-26 کے پہلے آٹھ مہینوں یعنی جولائی سے فروری تک آئی ٹی برآمدات کا مجموعی حجم 2.97 ارب امریکی ڈالر رہا، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد زیادہ ہے ۔ صرف فروری 2026 میں پاکستان نے 365 ملین ڈالر کی برآمدات کیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 19 فیصد سے زائد ہیں۔رپورٹ کے مطابق آئی ٹی کا شعبہ سروسز سیکٹر میں سب سے نمایاں کارکردگی دکھا رہا ہے جس میں دیگر کاروباری خدمات کا حصہ 1.3 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے ۔اس شعبے نے ملک کے لیے 2.55 ارب ڈالر کا تجارتی سرپلس بھی حاصل کیا ہے جو کہ کل برآمدات کا 86 فیصد بنتا ہے ۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں تجارتی سرپلس میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ ملکی معیشت اور ڈیجیٹل ترقی کے لیے ایک انتہائی مثبت علامت ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ "ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان" کے وژن کے تحت کی جانے والی کوششیں رنگ لا رہی ہیں جس سے نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہو رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی طلب میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔