قومی اسمبلی،پٹرولیم قیمتوں پر بحث،سیاستدان مل بیٹھیں:اپوزیشن
دعا ہے حالات معمول پر آئیں:وزیرخزانہ، عمران کے بغیر حل نہیں نکلے گا :اچکزئی وزیرِ اعظم کیلئے کوئی نیا طیارہ نہیں خریدا گیا :خواجہ آصف ،اجلاس آج شام تک ملتوی
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ، نامہ نگار ، نیو ز ایجنسیاں )وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹرمحمد اورنگزیب نے کہا کہ مجموعی معیشت کے استحکام ،بہترمالیاتی نظم و ضبط کی وجہ سے پاکستان نے نہ صرف مشکل حالات کا بہتر طریقے سے مقابلہ کیا ،بلکہ محدود وسائل کے باوجود ہم یہاں پہنچے ہیں ، ہدف پرمبنی سبسڈی پروگرام کی پہلی قسط جلد جاری ہوگی۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور حالیہ علاقائی بحران پر بحث سمیٹتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ بحث کے دوران مفید اور تعمیری تجاویز آئی ہیں، ہمیں بہتری کی امید ہے ، مشکل حالات کے لئے منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے ، دعا ہے حالات معمول پر آئیں۔بحث میں حصہ لیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے کہا کہ ہماری اپنی کوتاہیوں کی وجہ سے سسٹم نہیں چل رہا، حالات کا تقا ضا ہے کہ نواز شریف، زرداری اور عمران خان مل کر بیٹھیں ، ہمیں ایک دوسرے کو مسائل کا ذمہ دار قرار دینا اب بند کرنا ہوگا۔
عمران خان کے بغیر کوئی حل نہیں نکلے گا۔ پی ٹی آئی کے رکن جنید اکبر نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ پٹرول کی قیمت کس طرح بڑھائی گئی ،یہ حکومت عوام کے ووٹوں سے نہیں آئی، مشکل حالات صرف پاکستان میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں ہیں ۔ بحث کے دوران اراکین نے موجودہ بحران کے دوران معاشی طورپرکمزورطبقات کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ،وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم کیلئے کوئی نیا طیارہ نہیں خریدا گیا، پرانے طیارے کی مرمت اور اپ گریڈیشن کی گئی ہے ، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے پاس جہاز موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ صرف پنجاب کی وزیرِ اعلی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، اجلاس کے دوران نوید قمر نے نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی اور سولر پینلز پر ٹیکس کے حوالے سے توجہ دلا نوٹس پیش کیا، جس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کو ایک نازک توازن برقرار رکھنا پڑ رہا ہے ۔ ماضی کے معاہدوں کے باعث حکومت کے ہاتھ بندھے ہیں ، حکومت 35 سال پہلے کئے گئے معاہدوں کی پابند ہے ، بہتری کے راستے نکالنے کی کوشش جارہی ہے ، بعدازاں سپیکرایاز صادق نے اجلاس آج شام پانچ بجے تک ملتوی کردیا۔