حکومت نے ملک میں معاشی استحکام قائم کر دیا ، وزیر خزانہ
یورو بانڈ ادا ، تمام مالی ذمہ داریاں پوری کرنے کی یقین دہانی :محمد اورنگزیب کاروبار کرنے کی بڑھتی لاگت ایک بڑا چیلنج ہے ،صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن
لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے ملک میں معاشی استحکام قائم کر دیا جو ترقی کی بنیاد فراہم کرتا ہے ۔ ضرورت مند طبقوں کی مدد کے لیے سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے ۔ حکومت نے یورو بانڈ کی ادائیگی کے لیے 1.4 بلین ڈالر ادا کر دئیے ہیں اور آنے والے مہینوں میں تمام مالی ذمہ داریاں پوری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کے مختلف چیمبرز کے رہنماؤں کے ساتھ زوم میٹنگ میں کی جس میں معاشی استحکام، تجارت اور کاروباری مدد کے اقدامات پر بات ہوئی ، لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ حکومت کو بڑھتے ہوئے شپنگ چارجز کے مسئلے کو شپنگ کمپنیوں کے ساتھ حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک سے ترسیلات زر میں کمی آ سکتی ہے جس پر نظرثانی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑے منافع والے بینکوں کو لازمی طور پر وسطی ایشیا میں شاخیں کھولنی چاہئیں ،انہوں نے کہا کہ کاروبار کرنے کی بڑھتی ہوئی لاگت ایک بڑا چیلنج ہے اور فریٹ ریٹس کم کرنے کی ضرورت ہے ۔ دیگر شرکاء میں ریحان حنیف صدر کراچی چیمبر، فاروق یوسف، خرم شہزاد، محمد ایوب صدر کوئٹہ چیمبر، جاوید بلوانی اور فاروق یوسف شیخ شامل تھے۔