پختونخوا حکومت افغانستان سے 1 ہزار افراد کی واپسی کیلئے متحرک

پختونخوا حکومت افغانستان سے 1 ہزار افراد کی واپسی کیلئے متحرک

پشاور سینٹرل جیل میں قید 318افغان مہاجرین کو فوری ڈی پورٹ کرنے کا بھی حکم

خیبر، پشاور (نمائندہ دنیا، مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے افغانستان میں پھنسے ایک ہزار سے زائد افراد واپس لانے کے لیے افغان قونصلیٹ سے رابطہ کرلیا، ابتدائی طور پر 600افراد کی فہرست قونصلیٹ کے حوالے کر دی اور پشاور سینٹرل جیل میں فارن ایکٹ کے تحت قید 318افغان مہاجرین کو فوری ڈی پورٹ کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا جس کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایات پر کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس میں واپس جانے والے افغان مہاجرین کو سہولیات کی فراہمی اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ لنڈی کوتل میں دوسرا ہولڈنگ کیمپ قائم کرنے ، موجودہ کیمپ میں سہولیات بہتر بنانے ، نادرا کاؤنٹرز 22 سے بڑھا کر 40 کرنے ، خواتین کے لیے علیحدہ انتظامات، اوقات کار رات 11 بجے تک بڑھانے اور اضافی سہولیات فراہم کرنے کے فیصلے کیے گئے ۔ کیمپ میں رش کم کرنے کے لیے مختلف اضلاع میں رجسٹریشن مراکز قائم کرنے ، مہاجرین کو خوراک، پانی اور سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں