ایف بی آر کا ایکشن، گریڈ 18 کے افسر سمیت 2 انسپکٹرز معطل
ٹریننگ میں غیر حاضری اور فرائض میں کوتاہی پر کارروائی عمل میں لائی گئی ڈیوٹی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی: ایف بی آر کا سخت موقف
لاہور (آن لائن) ایف بی آر نے انتظامی کارروائی کرتے ہوئے گریڈ 18 کے ایک افسر سمیت2انسپکٹرز کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر د یئے ۔ یہ کارروائی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں غفلت برتنے کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔حکام کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر اقبال احمد میمن اور دو انسپکٹرز کو معطل کیا گیا ہے ، تینوں کے خلاف سول سرونٹس ایفی شنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 کے تحت کارروائی کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق گریڈ 18 کے افسر اقبال احمد میمن کو لازم سرٹیفکیشن کورس میں بار بار غیر حاضری پر عہدے سے ہٹایا گیا، جبکہ ایل یو ایم ایس میں منعقدہ ٹریننگ سیشنز میں عدم شرکت کو بھی کارروائی کی بنیاد بنایا گیا۔اسی طرح کسٹمز اپریزمنٹ ایسٹ لاہور کے انسپکٹر شاہد حسین اور انسپکٹر محمد علی کو بھی پیشہ ورانہ غفلت کے باعث معطل کیا گیا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے افسروں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔