نیلا گنبد کی تزئین و آرائش کے کاموں پر نواز شریف کے تحفظات

نیلا گنبد کی تزئین و آرائش کے کاموں پر نواز شریف کے تحفظات

سابق وزیراعظم کا گلیز ٹائل پر اعتراض، میٹ فنش اصل طرزپر بحال کرنیکی ہدایت معاملات میں یکطرفہ فیصلے قابل قبول نہیں ہوں گے ،ماہرین کی کمیٹی بنانے کا حکم

لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور کے تاریخی ورثے نیلا گنبد کی تزئین و آرائش پر بڑا سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا ،مسلم لیگ (ن)کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے دورے کے دوران نئے کام پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات جاری کر دیں۔ ذرائع کے مطابق غیر معیاری ڈیزائن اور یکطرفہ فیصلوں پر اعلیٰ سطح پر تشویش بڑھ گئی۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے دل میں واقع تاریخی مقام نیلا گنبد ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا جہاں جاری تزئین و آرائش کے کام نے نئے تنازع کو جنم دے دیا ،سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے حالیہ دورے کے دوران استعمال ہونے والی نئی ٹائل پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے فوری طور پر مسترد کر دیا۔ ذرائع کے مطابق گلیز ٹائل کے استعمال کو تاریخی ورثے کے برعکس قرار دیا گیا۔

نیلا گنبد کی اصل پہچان میٹ فنش تاریخی ٹائلز سے جڑی ہے ، تاہم نئی ٹائل نہ صرف ڈیزائن بلکہ ساخت اور موٹائی کے اعتبار سے بھی مختلف پائی گئی، اتاری گئی پرانی ٹائل اور نئی ٹائل کے درمیان واضح فرق نے معاملے کی سنگینی کو مزید بڑھا دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تزئین و آرائش کے عمل میں تکنیکی خامیاں بھی سامنے آئیں جبکہ ٹائل کے نقش و نگار بھی اصل ڈیزائن سے ہم آہنگ نہیں تھے ۔ اس صورتحال میں ڈی جی والڈ سٹی کی جانب سے منظوری دیئے جانے کا انکشاف بھی ہوا جس پر سخت ردعمل دیکھنے میں آیا۔ نواز شریف نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ نیلا گنبد کی بحالی ہر صورت اس کی اصل تاریخی حالت کے مطابق کی جائے اور اس مقصد کیلئے معروف آرکیٹیکٹس اور ماہرین پر مشتمل بااختیار کمیٹی تشکیل دی جائے ،معاملات میں یکطرفہ فیصلے قابل قبول نہیں ہوں گے ۔اب تمام نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا متعلقہ ادارے ان احکامات پر کس حد تک عمل درآمد یقینی بناتے ہیں یا معاملہ مزید پیچیدگی اختیار کرتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں