ملک بھر میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ،شہری بے حال
شارٹ فال 4 ہزار میگا واٹ ہو گیا،لاہور میں4، کراچی 10، پشاور کے کئی علاقوں میں 14گھنٹے بجلی غائب موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروسز بھی شدید متاثر،لاہور میں گیس بند، ایل پی جی مہنگے داموں فروخت
لاہور،اسلام آباد (اپنے کامرس رپورٹر سے ، نامہ نگار ) ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ ہوگیا اوربجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو گیا جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت لیسکو ریجن میں رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی نے صارفین کا جینا محال کردیا، لیسکو کی بجلی طلب دن میں 2700 میگاواٹ سے تجاوز کرگئی تاہم نیشنل گرڈ سے 2300 میگاواٹ فراہم کی جارہی،شارٹ فال زیادہ ہونے کے باعث شہر میں 3 سے 4 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے سے زائد رہا۔ کراچی کے متعدد علاقوں میں 10،10 گھنٹے ،راولپنڈی میں 8 سے 10 گھنٹے ،اسلام آباد میں 6،6 گھنٹے ،پشاور کے شہری علاقوں میں 6 اور نواحی علاقوں میں 14 گھنٹے تک بجلی بند رہی۔
ادھر پاورڈویژن نے دعوی ٰکیا ہے کہ پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ لوڈ شیڈنگ میں کمی ہوئی ، بدھ اور جمعرات کی رات پن بجلی کی پیداوار 1800میگاواٹ تھی تاہم کل رات ڈیموں سے زیادہ پانی کے اخراج کی وجہ سے پیداوار میں 2300میگاواٹ اضافہ ہوا اورپیداوار 4100میگاواٹ تک پہنچ گئی،جلد لوڈ مینجمنٹ کا عارضی مسئلہ ختم ہو جائے گا۔ دریں اثناء بجلی کی لوڈشیڈنگ نے معمولات زندگی کے ساتھ موبائل نیٹ ورکس اور انٹرنیٹ سروسز کو بھی شدید متاثر کر دیا ۔ ٹیلی کام کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہری علاقوں میں زیادہ تر موبائل ٹاورز بیک اپ بیٹریوں پر چلتے ہیں ،بار بار کی لوڈشیڈنگ ان کی ری چارجنگ میں رکاوٹ بن رہی ہے ۔ دوسری طرف لاہور میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں اور شہری متبادل ایندھن ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی سرکاری قیمت 304 روپے فی کلو مقرر ہے لیکن مختلف علاقوں میں یہ 450 سے 480 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے ۔ایل پی جی کی طلب بڑھتے ہی مافیا بے لگام ہو گیااورقیمتوں میں خودساختہ اضافہ سے شہری پریشان ہوکر رہ گئے ۔ شہریوں نے فوری اور سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔