موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے پالیسیاں مستحکم کرنا ہونگی:صدر ، وزیراعظم
زمین کے قدرتی وسائل انسانی زندگی کی موجودگی کی ضمانت :عالمی یوم ارض پر پیغام
اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،اپنے رپورٹرسے )صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے زمین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن ہمیں زمین کے تحفظ اور قدرتی وسائل کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنانے کی مشترکہ ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے ۔ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے ، اپنے جنگلات کے تحفظ، پانی کی بچت اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے لیے اپنی پالیسیوں کو مزید مستحکم کرنا چاہیے ۔ صدر زرداری نے کہا آئیے ہم زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ، پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنے ، پائیدار طریقوں کو اپنانے اور اپنے نوجوانوں کو ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت سے آگاہ کرنے کا عہد کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زمین کے قدرتی وسائل انسانی زندگی کی موجودگی اور نشو ونما کی ضمانت ہیں۔ موسمی شدت اور غیر معمولی تغیرات زمین کی ماحولیاتی تبدیلی کے عکاس ہیں۔ عالمی سطح پر موثر بین الاقوامی تعاون اور ماحول کے تحفظ سے ہم آہنگ اجتماعی حکمت عملی ناگزیر ہے ۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ زمین کا تحفظ عصرِ حاضر کا ایک اہم اور مشترکہ عالمی چیلنج بن چکا ہے جس سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے اجتماعی شعور، مربوط حکمتِ عملی اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔