انسانی سمگلنگ ، ویزا فراڈ میں ملوث 2ملزم گرفتار
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )ایف آئی اے کا انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن ،مائیگرنٹ سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 2 ملزم گرفتار۔
ان کی شناخت شاہد سعید اور محمد شکیل کے نام سے ہوئی ہے ۔ ملزموں کو لاہور اور اوکاڑہ سے گرفتار کیا گیا ، شکیل نے شہری کو کینیڈا ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 50لاکھ روپے بٹورے جبکہ شاہد سعید نے شہری کو کروشیا ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 23 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے ۔علاوہ ازیں ایف آئی اے نے لاہور ایئر پورٹ پر کارروائی کے دوران 6 ویتنامی شہریوں کو داخلے سے روک دیا اور مشکوک دستاویزات پر انہیں واپس بھجوا دیا ۔ وزٹ ویزا پر آنے والے مسافروں کی ہوٹل بکنگ جعلی نکلی انہیں اپنی منزل کا علم بھی نہ تھا۔ دوسری کارروائی میں جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے والا مسافر گرفتار کرلیا جس کی شناخت عدنان کے نام سے ہوئی ۔ ملزم ملائشیا جا رہا تھا۔