الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کاغیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ ،فہرست طلب
اسلام آباد (ایس ایم زمان)وزارتِ قومی صحت کے ادارے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل (AHPC)نے غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل نے تعلیمی اداروں کی منظوری اور رجسٹریشن سے متعلق پالیسی کو سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کونسل کی ٹیکنیکل سب کمیٹی نے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے جس کے تحت وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں کے فوکل پرسنز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے ۔ ٹیکنیکل سب کمیٹی نے ہدایت دی ہے کہ صوبائی انسپکشن ٹیموں کے تمام فوکل پرسنز ایسے تمام اداروں کی ایک جامع فہرست تیار کریں جنہوں نے اب تک رجسٹریشن کے لیے کونسل سے رجوع نہیں کیا اور نہ ہی اپنی درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ فیصلے کے تحت اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے متعلقہ فوکل پرسنز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ان غیر رجسٹرڈ اداروں کی فہرستیں ہر صورت 30 اپریل تک رجسٹرار آفس کو فراہم کر دیں۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد الائیڈ ہیلتھ کے شعبے میں کام کرنے والے اداروں کو ضابطہ اخلاق کے دائرہ کار میں لانا اور رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنا ہے تاکہ ویب سائٹ پر پالیسی کے مطابق ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کیا جا سکے ۔