پنجاب اسمبلی : آپریشن بنیان مرصوص کا سال مکمل ہونے پر خراج تحسین کی قرارداد منظور
قرارداد میں وزیر اعظم شہبازشریف کی کاوشوں ،فیلڈ مارشل عاصم منیر،افواج کی جرات اورقربانیوں کو سلام پیش سموگ کے تدارک کیلئے وزیر اعلٰی کی کاوشوں کو خراج تحسین اوربڑھتی آبادی پر قابو پانے کی قرار دادیں بھی منظور
لاہور(سیاسی نمائندہ) پنجاب اسمبلی میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر خراجِ تحسین کی قرارداد متفقہ طور پر منظورکرلی گئی،پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 25 منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ کی صدار ت میں شروع ہوا ،قرارداد چیف وہپ ن لیگ رانا محمد ارشد نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان اس امر کا بر ملا اعتراف کرتا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کو دہشت گردی جیسے ناسور سے پاک کرنے کے لیے ریاستی اداروں، افواج اور حکومت نے مثالی عزم ، حکمت عملی اور قربانیوں کا مظاہرہ کیا ہے ، یہ ایوان بالخصوص آپریشن بنیان مرصوص کے کامیاب آغاز اور اس کے تسلسل کو سراہتا ہے ، یہ ایوان وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان کی انتھک کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے ، وزیراعظم نے قومی سلامتی کے اس اہم مشن کو بھر پور عزم کے ساتھ آگے بڑھایا، یہ ایوان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔
یہ ایوان آپریشن غضب الحق کو بھی سراہتا ہے ، غضب الحق کے تحت افغانستان میں موجود دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی کا میابی سے جاری ہے ، پنجاب اسمبلی میں دی کوتھم گلوبل انسٹی ٹیوٹ لاہور بل 2025ء اور گلوبیکسا انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہور 2026ء کے بل پیش کیے گئے ، دونوں بل حکومتی رکن میاں محمد منیر نے پیش کیے جنہیں متعلقہ سٹینڈنگ کمیٹیوں کو بھجوا دیا گیا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ میانوالی یونیورسٹی گزشتہ ایک سال سے تقریباً غیر فعال رہی جس کی بڑی وجہ ریسرچ گرانٹس کا نہ ملنا تھا، گزشتہ سال چار کروڑ اور اس سال پچاس کروڑ روپے جاری کیے گئے ، یونیورسٹی میں اس وقت تقریباً 1300 طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ انفراسٹرکچر کی کمی دور کرنے کے لیے نئے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔
جس سے تقریباً دو ہزار طلبہ مستفید ہوں گے ، اسمبلی میں تیزی سے بڑھتی آبادی پر قابو پانے اور وسائل کے تحفظ کے لیے قرارداد منظور کی گئی جس میں وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت سے جامع قومی حکمت عملی، ٹائم لائن اور بجٹ مختص کرنے کی سفارش کی گئی۔ پنجاب میں سموگ کے تدارک کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدامات پر خراج تحسین کی قرارداد بھی منظور کی گئی یہ قرارداد رانا طاہر اقبال نے پیش کی، جس میں سموگ کے خاتمے اور صاف ماحول کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ خاتون سائیکلسٹ معطر منظور کو سرکاری وسائل پر ٹریننگ دینے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی جو طاہرہ مشتاق نے پیش کی،ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس آج دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔