متحدہ عرب امارات کا اوپیک اور اوپیک پلس سے علیحدگی کا اعلان
ابوظہبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات نے منگل کے روز اوپیک اور اوپیک پلس سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے، جس کا اطلاق یکم مئی سے ہوگا۔
تیل برآمد کرنے والے ان عالمی اتحادوں اور ان کے عملی قائد سعودی عرب کو بڑا دھچکا پہنچا ہے، ایسے وقت میں جب ایران سے جاری جنگ نے عالمی توانائی کی منڈی کو شدید متاثر کر رکھا ہے۔
ایک دیرینہ رکن رہنے والے متحدہ عرب امارات کی اوپیک سے علیحدگی کو ایک غیر متوقع پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے تنظیم کے اندر انتشار پیدا ہونے اور اس کی مجموعی طاقت کمزور ہونے کا خدشہ ہے۔
اوپیک عموماً جغرافیائی سیاست اور پیداواری کوٹہ جیسے معاملات پر اختلافات کے باوجود ایک متحد موقف پیش کرتا رہا ہے۔
خلیجی ممالک پہلے ہی آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جو ایران اور عمان کے درمیان ایک اہم گزرگاہ ہے جہاں سے دنیا کے تقریباً 5واں حصہ خام تیل اور مائع قدرتی گیس گزرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق متحدہ عرب امارات کا اوپیک سے نکلنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے، جو طویل عرصے سے اوپیک پر عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھانے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔