پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور پاکستان سے برآمدات کے سب سے زیادہ حجم کی منزل ہے، حکومت یورپی یونین کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کے اعلیٰ حکام اور ممتاز یورپی کمپنیوں کے کاروباری نمائندوں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
یورپی وفد کی قیادت یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹرنیشنل پارٹنرشپس کے ڈائریکٹر ایشیا پیسفک، پیٹرس اسٹبس کر رہے تھے، وفد میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل پارٹنرز، یورپین انویسٹمنٹ بینک تھوریا تریکی، ایڈیڈاز کے نائب صدر مینیول پاؤزر، ایندراتز کے نائب صدر کارل شلوگل باؤر، آئیکیا کے ریجنل ڈائریکٹر ڈائیٹر میٹکے شامل تھے، وفد میں پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر ریمنڈس کیروبلس بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کے وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور یورپی یونین پاکستان بزنس فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تقریب تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

انہوں نے یورپی یونین کے وفد کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سمیت علاقائی چیلنجوں کے باوجود معیشت کے استحکام کیلئے کام جاری رکھنے کیلئے حکومت پاکستان کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔
اس سلسلے میں، وزیراعظم نے خاص طور پر یورپی یونین کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا، کے ساتھ اپنی دو حالیہ ٹیلی فونک روابط کا ذکر کیا جن میں علاقائی سلامتی کی صورتحال کے ساتھ ساتھ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔
یورپی یونین کے وفد نے خطے میں امن کی کوششوں میں وزیراعظم کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کی میزبانی میں بھرپور تعاون کرنے پر حکومت کی تعریف کی۔
وفد کے اراکین نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اپنے اپنے تجربے کے بارے میں بتایا اور کہا کہ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان توانائی، مواصلات، آئی ٹی وغیرہ سمیت مختلف شعبوں میں بزنس ٹو بزنس تعلقات کو مزید فروغ دینے کے قوی امکانات ہیں۔
ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر قانون، انصاف اور انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاونین خصوصی سید طارق فاطمی اور ہارون اختر خان کے علاوہ سینئر حکومتی حکام بھی موجود تھے۔