پمز میں عمران خان کا معائنہ، آنکھ میں چوتھا انجکشن لگایا گیا

 پمز میں عمران خان کا معائنہ، آنکھ میں چوتھا انجکشن لگایا گیا

آنکھوں ،دانتوں اور دیگر حوالے سے مکمل چیک اپ، طبی طور پرمکمل مستحکم رہے رضامندی لیکرآپریشن تھیٹر میں پراسیس ،ہدایات کیساتھ ڈسچارج:پمز انتظامیہ

راولپنڈی،اسلام آباد (احمد بھٹی،ایس ایم زمان) بانی تحریک انصاف عمران خان کو آنکھ میں چوتھا انجکشن لگایا گیا جس کے بعد ان کو واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا،جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو خصوصی سکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے پمز لے جایا گیا جہاں ان کی آنکھوں، دانت اور دیگر حوالے سے چیک اپ کیا گیا،یہ بانی پی ٹی آئی کا معمول کا معائنہ تھا، طبی معائنہ کے بعد صبح سویرے ان کو واپس اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا، اس حوالے سے پمز انتظامیہ نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو آنکھوں کے فالو اپ علاج کیلئے پمز لایا گیا۔

عمران خان کو اینٹی وی ای جی ایف انٹرا ویٹریل انجکشن کی چوتھی ڈوز دی گئی، میڈیکل پراسس سے قبل ان کی رضا مندی حاصل کی گئی۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ماہرین چشم نے معائنہ کیا، مریض طبی طور پر مستحکم پایا گیا، آپٹیکل کوہیرنس ٹوموگرافی میں طبی بہتری پائی گئی، مریض کی مکمل آگاہی و رضامندی اور معیاری نگرانی کے تحت آپریشن تھیٹر میں پراسیس مکمل کیا گیا،مریض طریقہ کار سے پہلے ، دوران اور بعد میں طبی طور پر مستحکم رہا، مزید نگہداشت، فالو اپ ہدایات اور دستاویزات کے ساتھ مریض کو ڈسچارج کر دیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں