عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کے 100فیصد شیئرز خرید لیے
لاہور،کراچی(سٹاف رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹر) قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کے عمل میں بڑی اور مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں عارف حبیب کنسورشیم نے باقی ماندہ 25 فیصد حصص بھی حاصل کرکے کمپنی کی سو فیصد شیئرز اپنے نام کرلیے ہیں۔
پی آئی اے کنسورشیم میں حصہ رکھنے والے معروف بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کنسورشیم نے نہ صرف حصص کی خریداری مکمل کرلی ہے بلکہ 25 فیصد شیئرز کے لیے بینک گارنٹی بھی جمع کرا دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کنسورشیم کے پاس پہلے سے ہی باقی حصص خریدنے کا آپشن موجود تھا، جسے اب استعمال کرتے ہوئے مکمل کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے عقیل کریم ڈھیڈی کے مطابق پی آئی اے کے باقی 25 فیصد شیئرز کے عوض تقریباً 45 ارب روپے کی خطیر رقم بھی جمع کرا دی گئی ہے ، جس کے بعد ادارے کی مکمل نجکاری کا عمل عملی طور پر مکمل ہو چکا ہے۔