پنجاب اسمبلی : فلم سٹی اتھارٹی سمیت 3 بلز منظور، اپوزیشن کا ہنگامہ، نعرے بازی
فلم سٹی بننے کے بعد پہلی فلم ’’باؤ دی چپ‘‘ بننی چاہیے ،اعجاز شفیع،منصوبہ مردہ ہوتی انڈسٹری بحال کر یگا،مریم اورنگزیب جنوبی پنجاب میں پانچ ہزار سکول قائم ،تیرہ لاکھ بچوں کو دودھ ، بسکٹ دے رہے ،وزیر تعلیم،اعداد وشمار غلط:اپوزیشن رکن حزب اختلاف کی کورم کی نشاندہی نظر انداز،پنجاب ماحولیاتی تحفظ،جنگلی حیات تحفظ بلزکی بھی منظوری،اجلاس آج پھر ہوگا
لاہور(سیاسی نمائندہ،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اسمبلی نے فلم سٹی اتھارٹی بل 2026، پنجاب ماحولیاتی تحفظ(ترمیم) بل 2026 اور جنگلی حیات(تحفظ)(ترمیم) بل 2026 کثرتِ رائے سے منظور کر لئے ، اجلاس کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے درمیان شدید ہنگامہ آرائی، نعرے بازی اور تلخ جملوں کا تبادلہ دیکھنے میں آیا، فلم سٹی منصوبے پر اپوزیشن کی سخت تنقید کے جواب میں حکومت نے اسے معیشت اور فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے اہم قرار دیا جبکہ کورم کی نشاندہی کے باوجود کارروائی جاری رکھی گئی اور اجلاس آج دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔اجلاس 51 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا ، چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے سپیکر کے کردار کو سراہا ،سپیکر نے کہا کہ انہوں نے اپنی ذمہ داری ادا کی اور جمہوریت میں اختلاف رائے حسن ہوتا ہے ، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ایوان کو بتایا کہ جنوبی پنجاب میں پانچ ہزار اعلیٰ معیار کے سکول قائم کئے گئے ، سپیشل بچوں کے لیے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور تیرہ لاکھ بچوں کو نیوٹریشن پروگرام کے تحت دودھ اور بسکٹ دیئے جا رہے ہیں۔ اپوزیشن رکن میاں اعجاز شفیع نے ان اعداد و شمار کو چیلنج کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کی اور اعدادوشمار کو جھوٹ کہا جس پر سپیکر نے جھوٹ لفظ کارروائی سے حذف کرنے کی ہدایت کی۔ فلم سٹی اتھارٹی بل پر بحث کے دوران اپوزیشن نے شدید اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت اور زرعی شعبے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
اعجاز شفیع نے طنزیہ انداز میں کہا کہ فلم سٹی بننے کے بعد پہلی فلم ’’باؤ دی چپ‘‘ بننی چاہیے ، انہوں کہا کہ جنہوں نے پاک بھارت جنگ ڈیزائن کی تھی انہیں ڈائریکٹر رکھ لیا جائے ، سپیکر نے ارکان کو بل کے متن تک محدود رہنے کا کہا، اس دوران ایوان میں شدید شور شرابہ اور نعرے بازی شروع ہو گئی۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے تعلیم اور صحت کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کیا ہے ، سکول ایجوکیشن کا بجٹ 30 ارب سے بڑھا کر 130 ارب اور ہیلتھ بجٹ میں 400 فیصد اضافہ کیا گیا،انہوں نے اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا جس ڈائریکٹر کی اپوزیشن نے بات کی اس فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، وزیراعظم شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں اور جن فوجیوں نے جنگ لڑی وہ قوم کے ہیرو ہیں، انہوں نے کہا کہ فلم سٹی منصوبہ ایک مردہ ہوتی ہوئی انڈسٹری کو بحال کرے گا اور اس کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ فلم انڈسٹری کو بہتر بنا کر پاکستان کا مثبت امیج دنیا میں اجاگر کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے کورم کی نشاندہی کی گئی جسے ڈپٹی سپیکر نے نظر انداز کر دیا جبکہ ہنگامہ آرائی کے باوجود کارروائی جاری رہی اور تینوں بلز کثرتِ رائے سے منظور کر لیے گئے ، اجلاس آج دوپہر 2 بجے پھر ہوگا۔