مہنگا پٹرول ،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کوریکارڈ منافع ملا
9ماہ میں 52ارب90کروڑ کمالئے ،گزشتہ سال منافع 22ارب90کروڑتھا مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں منافع غیرمعمولی رہا ،مجموعی سیلز میں 3فیصدکمی
لاہور (زاہد عابد)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز)کے منافع میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا حالانکہ مجموعی سیلزمیں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔ سٹاک مارکیٹ میں جمع کرائے گئے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران او ایم سیز کے خالص منافع میں 130 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اسی عرصے میں ان کی مجموعی سیلزگزشتہ سال کے مقابلے میں 3 فیصد کم رہی۔رپورٹ کے مطابق او ایم سیز نے نو ماہ میں مجموعی طور پر 52 ارب 90 کروڑ روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 22 ارب 90 کروڑ روپے تھا۔
ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی پاکستان سٹیٹ آئل کے منافع میں 150 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد کمپنی کا منافع 38 ارب 11 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ اسی طرح اٹک پٹرولیم لمیٹڈ کے منافع میں 92 فیصد اضافہ ہوا اور کمپنی نے 14 ارب 76 کروڑ روپے منافع حاصل کیا۔ذرائع کے مطابق او ایم سیز کے منافع میں غیر معمولی اضافہ خاص طور پر تیسری سہ ماہی (جنوری تا مارچ)کے دوران ہوا، جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ کیا گیا،اس دوران کمپنیوں نے پہلے سے موجود سٹاک پر بھی خاطر خواہ منافع کمایا ۔اگرچہ اوایم سیز کی مجموعی سیلز میں 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تاہم قیمتوں میں اضافے اور سٹاک پر حاصل ہونے والے منافع کے باعث کمپنیوں کے خالص منافع میں نمایاں اضافہ ہوا۔