ٹیکس مقدمات کیلئے ایکشن پلان منظور ، عدالتوں پر بوجھ کم ہو گا: شہباز شریف

 ٹیکس مقدمات کیلئے ایکشن پلان منظور ، عدالتوں پر بوجھ کم ہو گا: شہباز شریف

ٹیکس تنازعات کے حل کیلئے نظام کو موثر بنا نے ،ایف بی آر میں بہترین افرادی قوت کی خدمات لینے کی ہدایت بجلی چوری پر رعایت نہ دیں، ایسے علاقوں میں ٹرانسفارمر پر سمارٹ میٹر نصب کرنے کامنصوبہ تیز کرنے کا حکم ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے خاتمے کے لیے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی سکریننگ یقینی بنائی جائے :وزیراعظم

 اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ الحمدللہ ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن اور جاری اصلاحات کے بہتر نتائج آرہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس کو ٹیکس مقدمات کے حوالے سے بنائی گئی ٹاسک فورس کی رپورٹ پیش کی گئی،وزیراعظم نے محنت اور جانفشانی سے رپورٹ مرتب کرنے پر ٹاسک فورس کے سربراہ شاد محمد خان اور دیگر ارکان کی تعریف کی ،وزیراعظم نے ٹاسک فورس کی طرف سے پیش کردہ 6اصلاحات پر مبنی ایکشن پلان کی منظوری بھی دیدی اورایکشن پلان کو ٹائم لائنز کے ساتھ پیش کرنے اور ٹیکس تنازعات کے جلد حل کے لیے اے ڈی آر (Alternate Dispute Resolution) کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہو گا اور ٹیکس مقدمات کا فیصلہ جلد ہو گا، مجوزہ سی ایل ایم ایس کو جلد از جلد قائم کیا جائے ، وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کے قانونی ونگ میں ضرورت کے مطابق بہترین افرادی قوت کی خدمات لی جائیں، اجلاس میں ٹاسک فورس نے 6 اصلاحات پر مبنی ایکشن پلان پیش کیا،پلان میں کیس سکروٹنی کمیٹیوں کی تشکیل، سی ایل ایم ایس، کمشنرز سمیت تمام افسروں کی کارکردگی کی رپورٹس کا مقدمات کے نتائج سے منسلک کیا جانا اور دیگر اصلاحات شامل ہیں،دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے پاور سیکٹر سے متعلقہ اصلاحاتی اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں توا نائی کی ضروریات قابل تجدید توانائی سے پورا کرنے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جائے ۔ پن بجلی ، شمسی توانائی اور بائیو گیس سمیت دیگر قابل تجدید ذرائع سے بجلی کی پیداوار سے پیداواری لاگت میں مزید کمی ہو گی اور معیشت کی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ، وزیراعظم نے کہا کہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔

بجلی چوری کے واقعات میں ملوث افراد سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ حالیہ دنوں میں بجلی کی جن تقسیم کار کمپنیوں نے اکنامک میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی کی ہے ان کے خلاف محکمانہ کاروائی یقینی بنائی جائے ،بجلی چوری والے علاقوں میں ٹرانسفارمر پر سمارٹ میٹر نصب کرنے کے منصوبے کے نفاذ میں تیزی لائی جائے ۔ دریں اثنا وزارت قومی صحت کے امور کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کی صحت کے لیے بہترین خدمات فراہم کرنا حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،کسی بھی ایک قیمتی جان کے تحفظ کے لیے ہم ہر حد، ہر رکاوٹ اور ہر قربانی کر گزرنے کو تیار ہیں۔

وزیر اعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس اور ایڈز جیسے موذی امراض کے مکمل خاتمے کے لیے تمام مریضوں کی سکریننگ یقینی بنائی جائے ، انہوں نے وزارت قومی صحت کو صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ہیپاٹائٹس، ایڈز اور دیگر امراض کی بروقت رپورٹنگ کے لیے مربوط نظام تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ بروقت شناخت سے ہی ان امراض کا مکمل سدباب ممکن ہو سکے گا،وزارت صحت صوبوں کے اشتراک سے ’’وزیراعظم ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام‘‘ کے نفاذ میں تیزی لائے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایڈز جیسے مرض کے خاتمے کے لیے ملک کے بڑے ہسپتالوں میں 98 اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی سنٹرز قائم ہوچکے ، جسے ایک سال میں 164 تک لیجایا جائے گا،ملک واپس آنے والے غیر قانونی تارکین وطن کے لیے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ایڈز کی سکریننگ کی سہولت شروع ہو چکی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں