وزیراعظم کی نوازشریف سے ملاقات ، اہم امور پر تبادلہ خیال
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان انتخابات ،ایران امریکا مذاکرات کیلئے کوششوں پر گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف سے اہم ملاقات کی جس میں سیاسی و معاشی صورتحال اور اہم حکومتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ مریم نواز بھی موجود تھیں۔ اسحاق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات سے آگاہ کیا جبکہ نواز شریف نے عوامی مشکلات کم کرنے اور غریب طبقے کو ریلیف دینے پر زور دیا۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی پر قابو پائے بغیر عوام کو حقیقی ریلیف دینا ممکن نہیں، وفاق اور پنجاب میں ن لیگ حکومت کی پالیسی عوامی مسائل کے حل پر مرکوز ہونی چاہئے ۔ملاقات میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات پر بھی مشاورت کی گئی جبکہ ایران امریکا مذاکرات سے متعلق قومی قیادت کی پس پردہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔