ایف سی کالج :سپورٹس ایونٹ پرتصادم ،غیرملکی طالبعلم زخمی
طلبہ کے ایک ہجوم نے کنگ ایڈورڈ کے فلسطینی طالبعلم ازل دین کو تشدد کا نشانہ بنایا زخمی سروسز ہسپتال منتقل،حالت خطرے سے باہر،کارروائی کرینگے :پروفیسر محمود ایاز
لاہور (سجاد کاظمی سے )ایف سی کالج یونیورسٹی لاہور میں سپورٹس ایونٹ کے دوران2تعلیمی اداروں کے طلبہ میں تصادم کے نتیجے میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا ایک فلسطینی طالبعلم ازل دین زخمی ہوگیا، جسے شدید چوٹوں کے باعث فوری طور پر سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی میں منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایف سی کالج لاہور میں میچ کے دوران کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی اور ایف سی کالج یونیورسٹی کے طلبہ کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا شدت اختیار کرگیا اورطلبہ کے ایک ہجوم نے فلسطینی طالبعلم ازل دین کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا،اسے فوری طور پر سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز فوری طور پر سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی پہنچ گئے اور زخمی طالب علم کی عیادت کی۔اس موقع پرپروفیسر محمود ایاز نے روزنامہ دنیا سے گفتگو میں واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایف سی کالج میں مہمان تھے ، ہماری ٹیم جیت رہی تھی مگر زیادتی کی گئی ،زخمی طالبعلم کا میڈیکل لیگل سرٹیفکیٹ (ایم ایل سی)بنوایا جا رہا ہے ،کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب سروسز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رانا خرم آفتاب کے مطابق زخمی فلسطینی طالب علم ازل دین کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ واقعہ کے بعد تعلیمی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔