قومی اسمبلی :انسدادزنابالجبر ،کتابوں پر پلاسٹک کور ممانعت بلز منظور

قومی اسمبلی :انسدادزنابالجبر ،کتابوں پر پلاسٹک کور ممانعت بلز منظور

ایمرجنسی ٹریٹمنٹ کوریج پروگرام بل ،ایتھلیٹ ثمر خان کیلئے تہنیتی قراردادبھی منظور اقبال آفریدی کی 2بارنشاندہی پربھی کورم پورا نہ ہوسکا، اجلاس آج تک ملتوی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار)قومی اسمبلی نے انسدادزنابالجبر(تفتیش وسماعت مقدمہ) ترمیمی بل 2025کی منظوری دیدی ۔ ایوان نے بل پرعالیہ کامران کی ترامیم کو مستردکردیا۔قومی اسمبلی نے کتابوں پر پلاسٹک کور کی ممانعت کے بل اورپاکستان ایمرجنسی ٹریٹمنٹ کوریج پروگرام بل 2024 کی بھی منظوری دے دی۔ ایوان زیریں نے ممتاز پاکستانی ایڈونچر ایتھلیٹ ثمر خان کی شاندار کامیابی پرتہنیتی قراردادکی بھی منظوری دی۔قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا، منگل کو دوبار کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔اجلاس کے آغاز پر اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کردی،گنتی کرنے پر کورم پورا نہ نکلاجس کی وجہ سے اجلاس کچھ دیر تک ملتوی کرنا پڑا۔

بعدازاں قومی اسمبلی کا کورم پورا ہونے پر جاری تھا کہ اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کردی۔گنتی کرنے پر کورم پورا نہ نکلا اور اجلاس کورم پورا ہونے تک ملتوی کردیاگیا۔بعدازاں کورم پورا ہونے پر اجلاس دوبارہ شروع ہوگیا۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی اجلاس میں ملک بھرمیں دوکروڑ60لاکھ بچوں کی سکولوں میں نہ جانے سے متعلق توجہ مبذول نوٹس پروزیرمملکت برائے تعلیم وجیہہ قمرنے کہا کہ ان مسائل کوحل کرنے کی ضرورت ہے جن کی وجہ سے بچے سکول نہیں جاتے ،18ویں ترمیم کے بعد صوبے بھی اپناکرداراداکررہے ہیں۔ مدارس کے مسائل کے حوالہ سے ڈائریکٹوریٹ آف ریلیجئیس ایجوکیشن اپناکرداراداکررہاہے ، تمام مدارس کواس کی رجسٹریشن حاصل کرنی چاہئے ۔ بعدازاں ڈپٹی سپیکرنے اجلاس آج(بدھ ) دن گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں