اٹک:شہیدلیاقت علی کی نمازجنازہ ادا،صدرکاخراج عقیدت

اٹک:شہیدلیاقت علی کی نمازجنازہ ادا،صدرکاخراج عقیدت

نماز جنازہ میں وزیرریلوے ،ایم این اے سہیل کمڑیال،اعلیٰ افسروں اورشہریوں کی شرکت شہید نے بمبار کو روک کرکئی زندگیاں بچائیں، ستارہ شجاعت عطا کیاجائے :حنیف عباسی

اٹک،اسلام آباد(دنیا نیوز،سٹاف رپورٹر،اے پی پی)ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ میں خودکش حملے کو ناکام بناتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر شہری محمد لیاقت علی شہید کی نماز جنازہ پولیس لائن اٹک میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی،نماز جنازہ میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، رکن قومی اسمبلی ملک سہیل خان کمڑیال، آرپی اوبابر سرفراز الپا، ڈپٹی کمشنر را عاطف رضا، ڈی پی او اٹک سردار محمد اورنگزیب خان، سابق صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ، سیاسی و سماجی شخصیات، شہید کے لواحقین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نماز جنازہ پیر سعادت علی شاہ چورہ شریف نے پڑھائی۔ اس موقع پر شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس موقع پر شہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

شہید لیاقت علی نے خودکش بمبارکو روک کرکئی زندگیا ں بچائیں۔دریں اثناوفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے کے شہید ملازم لیاقت علی کے دہشت گردی کے خلاف جرات مندانہ کردار کے اعتراف میں انہیں ستارہ شجاعت عطا کرنے کی سفارش کر دی ۔ علاو ہ ا زیں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور پی پی پی پی کی نائب صدر شیری رحمن نے جنڈ میں اپنی جان کانذرانہ پیش کرکے دہشت گردی کو ناکام بنانے والے بہادر شہری لیاقت کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہید لیاقت جیسے بہادر شہری دہشت گردی کے خلاف قومی استقامت، حب الوطنی اور اجتماعی شعور کی روشن مثال ہیں۔ صدر زرداری نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کو شہید لیاقت کے اہلِ خانہ کا پتہ لگا کر اُن تک قوم کی جانب سے بھرپور یکجہتی کا پیغام پہنچانے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں