کسی این آر او کے ایجنڈے پر بات نہیں ہوگی،طلال چودھری
اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ کسی این آر او کے ایجنڈے پر کوئی بات نہیں ہوگی، پی ٹی آئی جہاں سے یکطرفہ اٹھ کر گئی تھی و ہیں ا سے واپس لوٹنا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحریک انصاف سے مذاکرات کی ٹیبل سپیکر آفس میں پہلے سے سجی ہوئی ہے ،ون کانسٹیٹیوشن ایونیو والا معاملہ بہت پرانا ہے ، میں اس کمیٹی کا ممبر ہوں جو اس پر کام کر رہی ہے ، کوئی غریب ہو یا امیر سب کے لیے ایک ہی اصول ہے ۔ اسلام آباد میں حالیہ مختلف وارداتوں کے ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ، اسلام آباد سے اغوا کے بعد نوجوان کا قتل افسوسناک ہے ، نوجوان کے قتل میں ملوث خاتون سمیت تمام افراد کو گرفتار کرلیا گیا ، اسلام آباد میں جرائم میں پچھلے سال سے 40 فیصد کم ہو گئے ، پاکستان میں قانونی اور غیرقانونی کئی افغان شہری موجود ہیں، غیرقانونی مقیم کئی لاکھ افغانوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے ، غیرقانونی طور پر کسی کو پاکستان میں رہنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔