سینئر صحافی اور دانشور الطاف حسن قریشی انتقال کرگئے

سینئر صحافی اور دانشور الطاف حسن قریشی انتقال کرگئے

برین ہیمرج جان لیواثابت ،نماز جنازہ آج ڈیڑھ بجے جامعہ اشرفیہ میں ہوگی شہباز شریف،مریم نواز ،اے پی این ایس کامرحوم کو خراج عقیدت ،تعزیت

لاہور(سٹاف رپورٹر، سپیشل رپورٹر)پاکستان کے ممتاز صحافی، کالم نگار، دانشور اور ماہنامہ اردو ڈائجسٹ کے مدیر اعلیٰ الطاف حسن قریشی 96 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ۔ وہ کچھ عرصہ قبل برین ہیمرج کا شکار ہوئے تھے جو جان لیوا ثابت ہوا۔ مرحوم کے پسماندگان میں ایک بیٹا کامران قریشی اور ایک بیٹی شامل ہیں جبکہ ان کی اہلیہ کا انتقال ڈیڑھ برس قبل ہوگیا تھا۔مرحوم کی نماز جنازہ آج اتوار کو ڈیڑھ بجے بعد نماز ظہر جامعہ اشرفیہ فیروزپور روڈ لاہور میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین میانی صاحب قبرستان میں ہوگی۔ ان کی میت رہائش گاہ 189 جی بلاک جوہر ٹاؤن سے جامعہ اشرفیہ لے جائی جائے گی۔

الطاف حسن قریشی پاکستان میں نظریاتی صحافت کے اہم ستون سمجھے جاتے تھے ۔ وہ ہفت روزہ زندگی اور بعد ازاں ماہنامہ اردو ڈائجسٹ سے طویل عرصہ وابستہ رہے ۔ ان کی تحریروں میں تحقیق، تاریخی حوالہ جات، نظریۂ پاکستان، اسلامی دنیا اور قومی سیاست پر گہری فکر نمایاں تھی۔ ان کی معروف تصانیف میں جرنیلوں کے سائے میں، ملاقاتیں کیا کیا،کاروانِ حجاز اور یہ صورت گر کچھ خوابوں کے شامل ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے الطاف حسن قریشی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ الطاف حسن قریشی کی صحافتی خدمات ناقابل فراموش ہیں، اردو صحافت میں ان کاخلا مدتوں پورا نہیں ہو گا۔آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)نے بھی الطاف حسن قریشی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔

صدر سینیٹر سرمد علی اور سیکرٹری جنرل محمد اطہر قاضی نے اپنے مشترکہ بیان میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسن قریشی اردو صحافت کی نہایت باوقار اور بااثر شخصیات میں شمار ہوتے تھے ،صحافت اور فکری مباحث میں ان کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ الطاف حسن قریشی نے اردو ڈائجسٹ کے ذریعے پاکستان میں سنجیدہ صحافت، قومی فکر اور ادبی اقدار کے فروغ میں نمایاں اور قائدانہ کردار ادا کیا،ان کا انتقال پاکستان کی صحافتی اور ادبی برادری کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے ۔اے پی این ایس کے عہدیداروں نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے ، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا فرمائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں