کاروباری برادری سے مشاورتی نشست
اسلام آباد (اے پی پی)ملک میں کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان رابطوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے بدھ کو کو کاروباری برادری کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم مشاورتی اجلاس کی صدارت کی۔ یہ اجلاس اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت کاروباری طبقے کے ساتھ جاری رابطوں کے سلسلے کی کڑی تھا، جس کا مقصد تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل اور چیلنجز کا جائزہ لینا تھا۔اجلاس میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اے پی ٹی ایم اے ) ، پاکستان بزنس کونسل (پی سی بی)، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) سمیت کراچی، لاہور، فیصل آباد، کوئٹہ، سرحد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور اور نمائندوں نے شرکت کی۔