ہم سب ملکر اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ مضبوط کریں گے:صدر زرداری

ہم  سب  ملکر  اسٹیبلشمنٹ  کے  ہاتھ  مضبوط  کریں  گے:صدر  زرداری

ملک چلانا اصل مسئلہ،بھٹو کی وراثت کو آگے لے کر جائیں گے ، لوگوں کو معاشی خودمختاری دینی ہے ،مورومیں خطاب بھارت کے 40جہاز نشانے پرجنہیں گرا سکتے تھے ،ملاقاتیں،منتخب نمائندوں کو ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت

پڈعیدن،کراچی(نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک)  صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم سب مل کر اسٹیبلشمنٹ کے  ہاتھ مضبوط کریں گے ۔صدر نے سندھ کے شہر مورو میں صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کی رہائش گاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ صدر نے مقامی معززین اور علاقے کے منتخب اراکین سے بھی بات چیت کی۔مورو میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم  نے لوگوں کو معاشی خودمختاری دینی ہے ، موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور فروغ ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کیساتھ ہونیوالے مظالم کو میڈیا پر نہیں دکھایا، سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے محروم بھارت کو ایک ہفتے کی جنگ میں پاکستان نے نہ بھولنے والا سبق سکھایا،جب بھارت کے جہاز گرائے تو انکی عقل ٹھکانے لگی، ہم نے انکے وہ 8 جہاز گرائے جو معصوم پاکستانیوں پر بم گراکر گئے تھے ،بھارت کے 40جہاز نشانے پر تھے جنہیں گرا سکتے تھے ۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ ہم سب مل کر اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ مضبوط کریں گے ، اپنے ہاتھ بھی مضبوط کریں اور ملک کو بھی مضبوط بنائیں گے ، ملک چلانا اصل مسئلہ ہے ،بھٹو کی وراثت کو آگے لے کر جائیں گے ،ہم نے ہمیشہ 73کے آئین کے تحت کام کیے ،بھٹو کے خاندان کے شہداء نے ملک کیلئے جانیں قربان کیں پاکستان ہے تو ہم ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہم نے لوگوں کو معاشی خودمختاری دینی ہے ،جدید دور میں زراعت کو فروغ دیں گے ۔صدر مملکت نے منتخب نمائندوں کو ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے اور عوامی خدمت جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ،وطن کی ترقی اور عوامی فلاح کیلئے منتخب نمائندوں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔صدرسے ملاقات کرنے والوں میں ضیاء الحسن لنجار، علی حسن زرداری، ڈاکٹر بہادر ڈاہری، چیف سردار خان محمد ڈاہری اور سہیل انور سیال بھی شامل تھے ۔صدرمملکت کامزید کہنا تھا کہ لوگ سوال کرتے ہیں آپ کو مسائل کا کیسے پتہ چلتا ہے ، تو میں لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ پی ایچ ڈی 3 سال میں ہوتی ہے مگر میں نے 14 سال پی ایچ ڈی کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں