عید کے بعد پر دیسیوں کی واپسی ، سڑکوں پر رش
اسلام آباد کی رونقیں بحال ، پیر سے دفاتر میں سرگرمیاں شروع ہونگی
اسلام آباد (اے پی پی) عید الاضحی کی تعطیلات کے خاتمے پر پر دیسیوں کی واپسی کے سبب جڑواں شہروں کی سڑکوں پر گاڑیوں کا رش بڑھ گیا ، بس اڈوں پر واپس آنیوالوں کا اژدہام ہے ۔ سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر گردش کرنے والی مختلف ویڈیوز اور تصاویر میں بس اڈوں پر بہت زیادہ رش دکھائی دیتا ہے ۔ لوگوں کی واپسی سے جڑواں شہروں خاص کر اسلام آبادکی رونقیں بحال ہونا شروع ہو گئیں ، کل پیر سے باقاعدہ دفاتر میں بھی سرگرمیاں شروع ہو جا ئیں گی ۔ بعض مسافروں نے عید تعطیلات کے بعد اسلام آباد واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پیر سے اپنے معمول کی زندگی پر واپس آ جائیں گے ، ہم نے عید تعطیلات کے دوران اپنے خاندان کے ساتھ بھرپور وقت گزارا ہے ۔ عید کے بعد زندگی تیزی سے معمول پر واپس آ رہی ہے جس سے شہر کی معمول کی سرگرمیاں بحال ہو جائیں گی۔