شہریوں کو تنہانہیں چھوڑیں گے
کراچی (خبر ایجنسیاں) متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو بتانا چاہتے ہیں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس وقت لوٹ مار کا بازار گرم ہے ، شہر کو لینڈ مافیا کے حوالے کیا جارہا ہے ، ہم مسلسل ایک سال وزیراعظم کو خط لکھ رہے تھے ۔ انہوں نے کہا زمینوں پر قبضے ہورہے ، جرائم بڑھ رہے ہیں، کراچی جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بنتا جارہا ہے ، ہل پارک کی ذمہ داری میئر کراچی کی ہے کہ وہ ان پہاڑوں کی حفاظت کریں، پی ای سی ایچ ایس کے ایڈمنسٹریٹر نے اس وقت تباہی مچا رکھی ہے ۔فاروق ستار نے کہا ایم کیو ایم کے میئرز کے دور میں یہاں پلاٹنگ کی اجازت نہیں دی گئی، 1990 میں اگر ہل پارک پر پلاٹ کی منظوری کے کاغذات تھے تو اب تک کیوں انتظار کیا گیا؟، کسی بھی ماسٹر پلان میں ہل پارک کے اندر مزید پلاٹس نہیں جبکہ مختلف افراد سے انفرادی طور پر پیسے لئے گئے ہیں، خریدنے والوں کو بھی دیکھنا چاہیے کہ وہ کہاں پلاٹ خرید رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا ہل پارک کی زمین 62 ایکڑ پر مشتمل ہے جس میں پہاڑ شامل ہے ، آج پہاڑ تو کل پارک کی زمین بھی فروخت کردی جائیگی ، ڈائریکٹر لینڈ نے کس قانون کے تحت ہل پارک میں پلاٹ کا این او سی دیا جبکہ 23سال تک کراچی وفاق میں رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کوئی نئی بات نہیں کہ کراچی کو وفاق کی حوالگی کی بات ہورہی ہے ، جب کراچی دارالحکومت ختم ہوا اس کے بعد بھی وفاق کراچی کو چلاتا رہا، للی برج کے نیچے 983 گز کے مقامات بیچ دئیے گئے ہیں، ہل پارک جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین کے حدود میں آتا ہے وہ کہاں ہیں؟۔