دکانیں ، بازار ،شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کا فیصلہ

 دکانیں ، بازار ،شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کا فیصلہ

ریسٹورنٹس،کھانے پینے کے مراکز کورات 11بجے تک کاروبارکرنے کی اجازت ،شادی ہالز 10بجے تک ہی کھلے رہیں گے

اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس میں کاروبار بند کرنے کے اوقات میں توسیع کا فیصلہ کیاگیا،کمیٹی کے فیصلے کے مطابق دکانیں، بازار، شاپنگ مالز اور عمومی ریٹیل کاروبار رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے ۔ ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے وزارتِ خارجہ میں کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی اور عملدرآمد سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی،کمیٹی نے جاری کفایت شعاری اقدامات کا جائزہ لیا ۔ کمیٹی نے مارکیٹوں کے اوقاتِ کار، دن کے اوقات میں اضافے اور گرمیوں کے بلند درجۂ حرارت کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروبار بند کرنے کے اوقات میں توسیع کا فیصلہ کیا۔

کمیٹی کے فیصلے کے مطابق دکانیں، بازار، شاپنگ مالز اور عمومی ریٹیل کاروبار رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے ،ریستوران، کیفے اور کھانے پینے کے مراکز رات 11 بجے تک کھلے رہیں گے ،تاہم ٹیک اوے اور ڈلیوری سروسز ان اوقات کار سے مستثنیٰ ہوں گی،شادی ہالز اور تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے ۔ اجلاس میں ضروری خدمات بشمول فارمیسی، ہسپتال، پٹرول پمپس، آئی ٹی اور ٹیلی کام سے متعلق خدمات کو بھی مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے ۔کمیٹی نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکام کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے ان ہدایات پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔کمیٹی نے ایجنڈے میں شامل دیگر معاملات اور کیسز پر بھی غور کیا اور ان کی منظوری دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں