بنوں : مسافر گاڑی کے قریب 2 بم دھماکے، 7 افراد جاں بحق، 3 زخمی
مرکہ بیرا میں سڑک پرنصب بم پھٹا ،امدادی کارروائیوں کے دوران دوسرا دھماکا ہوگیا،صدر، وزیراعظم اور وزرا کی مذمت بلوچستان کے علاقوں سے 2لاشیں برآمد،تربت میں چوکی پردستی بم حملہ ،جھل مگسی میں فائرنگ ،امن فورس کا اہلکارزخمی
پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی)بنوں کے علاقے مرکہ بیرا میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد کے دو دھماکوں میں 7 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق پہلا دھماکہ سواریوں سے بھری ایک مسافر گاڑی کے قریب ہوا جبکہ کچھ دیر بعد دوسرا دھماکا اس وقت ہوا جب جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں جاری تھیں۔ دونوں دھماکوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 7 افراد جان سے گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں یاسر آفریدی کے مطابق مسافر گاڑی ہاتھی خیل سے بنوں شہر آ رہی تھی کہ مرکہ بیرا کے قریب سڑک پر نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 5 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ پہلا دھماکا ہونے کے بعد جب امدادی کارروائیاں شروع ہوئیں تو کچھ فاصلے پر دوسرا دھماکہ بھی ہو گیا جس کی زد میں آ کر مزید 2 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ دوسرے دھماکے سے ایک گاڑی بھی متاثر ہوئی۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔صدرآصف علی زرداری ،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف او روزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بھی بنوں بم دھماکوں کی مذمت کی اورمعصوم شہریوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کیا۔ دوسری طرف کوئٹہ کے علاقوں کرخسہ اور سردار کاریز سے 2 نامعلوم افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں پولیس نے تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا۔ تربت میں نامعلوم ملزموں نے سکیورٹی اہلکاروں کی چوکی پر دستی بم پھینک دیا جو پوسٹ کے قریب گر کر پھٹ گیا۔د ھماکے کے نتیجے میں 2 راہگیر زخمی ہو گئے ۔جھل مگسی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے امن فورس کے ایک اہلکار کو زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور زخمی اہلکار کا اسلحہ ساتھ لے کر فرار ہو گئے ۔