24 گھنٹوں میں طوفانی ہوائوں کیساتھ بارش ، الرٹ جاری
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ میں آندھی ، جھکڑ کاامکان سیلابی صورتحال،لینڈسلائیڈنگ کاخطرہ، گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کا انتباہ جاری
اسلام آباد (دنیا نیوز ) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نے آئندہ 12سے 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ، جبکہ متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی آگاہ کیا جا رہا ہے ۔الرٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ،گلگت بلتستان کے گلگت، سکردو، دیامر، استور، غذر، ہنزہ، گھانچے اور شگر جبکہ آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی، پونچھ، ہٹیاں، میرپور اور بھمبر میں بھی بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کے خطرے کا بھی انتباہ جاری کیا ، خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ،این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکوں کی بندش کا خطرہ موجود ہے ،ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال معلوم کرنے اور خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا گیا ۔