فوج میں بغاوت کی بات کرنیوالوں کو پھانسی دی جائے : کشمیری قیادت

فوج میں بغاوت کی بات کرنیوالوں کو پھانسی دی جائے : کشمیری قیادت

کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی عوامی حقوق کی آڑ میں کسی اور ایجنڈے پر عمل پیرا ، عوام نے مسترد کردیا :سردارعتیق 99 فیصد لوگ آج بھی پاکستان کیساتھ، محبت کایہ رشتہ ختم نہیں کیا جا سکتا:شاہ غلام قادر، نبیلہ ایوب کی پریس کانفرنس

مظفر آباد ،راولپنڈی(دنیا نیوز،خصوصی رپورٹر ) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق نے کہا کہ ریاست پاکستان کے خلاف اکسایا جا رہا ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، پاک فوج میں بغاوت کی بات کرنے والوں کو سرعام پھانسی دی جائے ۔آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں نے کہا کہ کالعدم  ایکشن کمیٹی عوامی حقوق کی آڑ میں کسی اور ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ، لیکن آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کے درمیان محبت کے رشتے کو ختم نہیں کیا جا سکتا، پاک فوج میں بغاوت کی بات کرنے والوں کو سرعام پھانسی دی جائے ۔سابق وزیراعظم سردار عتیق، ن لیگ کے صدر شاہ غلام قادر، نبیلہ ایوب اور دیگر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی موجودہ صورت حال پر بات چیت کی۔

سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام محب وطن ہیں، لیکن کچھ لوگوں کی جانب سے انہیں ریاست پاکستان کے خلاف اکسایا جا رہا ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، پاک فوج میں بغاوت کا مطالبہ کرنے والوں کو سرعام پھانسی دی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ کشیدگی عوام میں بے چینی میں اضافے کا باعث بن رہی ہے ، حکومتِ پاکستان نے ہر معاملے میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن جرائم کا ارتکاب کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے ، پاک فوج اپنے مضبوط نظم و ضبط کی بدولت ایک منظم ادارہ ہے اور کشمیری عوام نے انتشار پھیلانے والے گروہ کو مسترد کر دیا ہے ۔سردار عتیق احمد نے کہا ہے کہ کہ کشمیریوں کا پاک فوج کے ساتھ تعلق کسی عہدے ، منصب یا مراعات کا مرہونِ منت نہیں، بلکہ یہ رشتہ قیامِ پاکستان سے بھی پہلے کا قائم ہے۔

اس موقع پر صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان نے آزاد کشمیر کے عوام کو پاکستان کے مقابلے میں سستا آٹا اور بجلی فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی انتشار پھیلانے کی کوشش کررہی ہے ، جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی ہے ، ریاست کے 99 فیصد لوگ آج بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور محب وطن ہیں۔شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ انتشار پسند عناصر نے ہسپتالوں تک کو نشانہ بنایا، اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی خاتون رہنما نبیلہ ایوب نے کہا ہے کہ پاک فوج کا جوان ہمارے ملک کی دفاعی سرحدوں کا محافظ ہے ، بغاوت کا مطالبہ کرنے والوں کو سمجھ جانا چاہیے کہ ریاست کسی صورت رعایت نہیں کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ چند گنے چنے لوگ پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، اس سے کشمیری عوام کا کوئی تعلق نہیں، انہیں خود کو الگ کرنا چا ہئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں