اسلام آباد:ایچ 9بازار میں آتشزدگی، درجنوں دکانیں خاکستر
آگ رات کے وقت کپڑے ، جوتوں کی دکانوں میں لگی، ایک سیکشن راکھ بن گیا وجہ معلوم نہ ہو سکی، تحقیقات شروع، ایل پی جی سلنڈر ممکنہ وجہ ہو سکتا:انتظامیہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر، دنیا نیوز)میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے زیر انتظام ایچ نائن پشاور موڑ بازار میں منگل کی رات اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ بازار کے 9 سیکشنز میں پھیل گئی جس کے باعث درجنوں دکانیں خاکستر ہو گئیں۔ سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی ریسکیو ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں، ریسکیو کی 6 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں، ریسکیو 1122 راولپنڈی کی ٹیمیں اور پاک نیوی کی فائر بریگیڈ نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ بازار کے 9 سیکشنز تک پھیل گئی تھی، 6 سیکشنز میں قابو پا لیا گیا جبکہ 3 سیکشنز میں آگ بجھائی جا رہی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آتشزدگی کے باعث ایک سیکشن جل کر خاکستر ہو گیا، آگ نے کپڑے اور جوتوں کی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، 70 کے قریب دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ 75 فیصد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے ، آگ لگنے کی وجوہات سے متعلق تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بازار میں ایل پی جی سلنڈرز کا غیر محفوظ استعمال اس کا ممکنہ سبب ہو سکتا ہے۔