پی ٹی آئی کیس:ڈی آئی جی آپریشنز کو 1مہینہ قید،1لاکھ جرمانہ
پیش ہوئے نہ جواب آیا، بادی النظر میں حکم عدولی کے مرتکب:تحریری حکمنامہ بشریٰ کی عبوری ضمانتوں میں توسیع،اڈیالہ روڈپرکارکن لڑپڑے ،علیمہ کے آنے پررکے
اسلام آباد،راولپنڈی(اپنے نامہ نگار سے ، این این آئی)اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر احتجاج کیس کا چالان جمع نہ کرانے پر ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد جواد طارق کو ایک مہینہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔ جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی۔ عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ متعدد نوٹسز کے باوجود کیس کا چالان نہیں جمع کرایا جارہا تھا جس پر سزا سنائی گئی ہے ۔ عدالت نے استفسار کیاکہ اس کیس کا چالان کدھر ہے ؟ پراسیکیوٹر راجہ نوید نے بتایاکہ ابھی تک چالان ہمیں موصول نہیں ہوا، جج طاہر عباس نے کہاکہ میں متعدد بار چالان کیلئے کہہ چکا ہوں نوٹس بھی کر چکا ہوں،میں نے ڈی آئی جی کو طلب کیا تھا یہ پیش کیوں نہیں ہورہا،پولیس والے کام کرنے کو تیار ہی نہیں میں اس کو سزا سناتا ہوں، تفتیشی صاحب جاکر بتا دیجئے گا اپنے ڈی آئی جی کو عدالت نے سزا دے دی ہے ۔ جج طاہر عباس نے زبانی آرڈر سنانے کے بعد کمرہ عدالت میں ہی آرڈر ٹائپ کرایا اور چیمبر میں چلے گئے۔
بعدازاں سماعت کے جاری تحریری حکمنامہ میں عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز کو سزا سے قبل حتمی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا بادی النظر میں ڈی آئی جی آپریشنز عدالتی حکم عدولی کے مرتکب ہوئے ،جواب دیں عدالتی حکم عدولی پر کیوں نہ آپ کو سزا سنائی جائے ؟ دفعہ 37 اے ٹی اے کے تحت حتمی نوٹس جاری کیا جاتا ہے ،ڈی آئی جی (آپریشنز)کو نوٹس جاری کیا گیا کیوں نہ انہیں توہینِ عدالت کا مجرم قرار دے کر سزا سنائی جائے ، آئندہ سماعت تک اپنا تحریری جواب عدالت میں جمع کرائیں، یادرہے کہ ملزمان سہیل آفریدی، جنید اکبر اور عبدالغنی کی گرفتاری مطلوب ہونے کے باعث ان کے نام کالم نمبر 2 میں رکھ کر عبوری چالان جمع کرایا گیا تھا، مزید سماعت 6 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 26نومبر احتجاج کے 29مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں 11جولائی تک توسیع کر دی۔ دوسری طرف اڈیالہ روڈ پر پی ٹی آئی کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑا اور گورکھپور فیکٹری ناکے پر کارکنان گتھم گتھا ہوگئے۔
پی ٹی آئی کی قیادت نے کارکنان کو روکنے کی کوشش کی جبکہ پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک بیچ بچا کراتے رہے تاہم کسی نے ایک نہ سکی اور کارکنان نے ایک دوسرے کو دھکے مارے ، ہاتھا پائی اور ایک دوسرے کو لغوایات بھی بکیں۔ کارکنان نے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کو دھکے دیئے ،علیمہ خان کے آنے پرکارکنان بمشکل رکے ۔ علیمہ خان نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہا عمران خان 8ماہ سے قید تنہائی میں ہیں ، اٹک جیل میں بانی کو انتہائی برے حالات میں رکھا گیاہے ، بانی کے خلاف پاکستان کا مہنگا ترین سائفر کیس چلایا گیا جو جھوٹا ثابت ہوا، بانی کے خلاف توشہ خانہ کیس بھی جھوٹا ثابت ہوا بانی کو سزا ملی مگر جج کو کوئی سزا نہیں دی گئی۔ہمارامطالبہ ہے کہ بانی سے ملاقات سے قبل ان کا علاج کرائیں ، پی ٹی آئی کے رہنما ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجا نے اڈیالہ روڈپرمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ لے کر وفاداری تبدیل کرنا دھوکا دہی ہے ،جی بی میں جو لوگ دوسری طرف چلے گئے ان کو پارٹی سے نکال دیں گے۔