اسلام آباد میمورنڈم سے ہرمز میں بحری ٹریفک بحال، تیل قیمتیں نیچے

 اسلام آباد میمورنڈم سے ہرمز میں بحری ٹریفک بحال، تیل قیمتیں نیچے

امریکا ایران سفارتی پیشرفت کے بعد آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت میں واضح اضافہ ریکارڈ 12 سے 14جون کے دوران 32،انیس سے 21جون تک 93جہاز گزرے ، کیپلر

 اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) پاکستان کی ثالثی اور امریکا و ایران کے درمیان اسلام آباد میمورنڈم آف انڈر سٹینڈنگ کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے جبکہ خطے میں بحری آمدورفت بھی نمایاں طور پر بحال ہونا شروع ہو گئی ہے ۔اہم بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی نقل و حرکت میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ مارکیٹ انٹیلی جنس اور ڈیٹا اینالیٹکس کمپنی کیپلر کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی پیش رفت کے بعد مسلسل دو ویک اینڈز کے دوران آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک میں نمایاں اضافہ ہوا ۔اعداد و شمار کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد میں 61 کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ 12 سے 14 جون کے دوران گزرنے والے جہازوں کی مجموعی تعداد 32 تھی جو ایک ہفتے بعد 19 سے 21 جون کے دوران بڑھ کر 93 ہو گئی۔

سب سے نمایاں اضافہ ہفتے کے روز دیکھا گیا جب جہازوں کی آمدورفت 3 سے بڑھ کر 42 تک پہنچ گئی۔یہ پیش رفت دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں سے ایک آبنائے ہرمز میں بحری سرگرمیوں کی تیز رفتار بحالی کی نشاندہی کرتی ہے ۔ کیپلر کے مطابق اس بحالی میں امریکی محکمہ خزانہ کے دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول (OFAC) کی جانب سے جاری کردہ عارضی جنرل لائسنس نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔اس اقدام سے آبنائے ہرمز سے متعلق منظور شدہ بحری گزرگاہوں کے حوالے سے ضابطہ جاتی اور کمپلائنس سے متعلق غیر یقینی صورتحال میں کمی آئی ہے جس کے نتیجے میں بحری ٹریفک کی بحالی کو تقویت ملی ہے ۔ یہ سہولت 21 اگست تک مؤثر رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں