سندھ پبلک سروس کمیشن سے امیدواروں کے جوابی پرچے طلب

سندھ پبلک سروس کمیشن سے  امیدواروں کے جوابی پرچے طلب

کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کمبائنڈ کمپی ٹیٹو ایگزامینیشن 2024 کے نتائج اور سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانی عمل کے خلاف دائر آئینی درخواستوں کی سماعت کے دوران امیدواروں کے جوابی پرچوں کی جانچ کے لیے اہم احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا۔

سماعت کے موقع پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ، سندھ پبلک سروس کمیشن کے حکام، درخواست گزاروں کے وکلا اور دیگر فریقین پیش ہوئے ۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن نے اپنے مفادات کے مطابق قوانین بنا رکھے ہیں جبکہ متعدد امیدواروں کو ایسے مضامین میں ناکام قرار دیا گیا ہے جن میں ناکامی کا تصور بھی ممکن نہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزاروں کی ری پریزنٹیشن ابھی زیر التواء ہے ، اس لیے پہلے اس معاملے کا فیصلہ کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پورے معاملے میں کسی تیسرے فرد کا کوئی کردار نہیں ہے اور درخواست گزاروں نے متعلقہ قانون کو بھی چیلنج نہیں کیا۔ دوران سماعت کامیاب قرار دیے گئے بعض امیدواروں نے بار بار عدالت سے مخاطب ہونے کی کوشش کی جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کے وکلا موجود ہیں، اگر وہ موجود نہ ہوتے تو آپ بولتے ۔ جسٹس نثار احمد بھمبھرو نے ریمارکس دیے کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ یہاں کوئی اور کیس لے کر نہ آئے ۔ عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ جب تک سزا نہیں ملے گی معاملات ٹھیک نہیں ہوں گے ۔ عدالت نے درخواستوں کی مزید سماعت 30 جون تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں