اوکاڑہ سے را کا ایجنٹ گرفتار ،بارودی مواد برآمد

 اوکاڑہ سے را کا ایجنٹ گرفتار ،بارودی مواد برآمد

ملزم علی خان ارمڑ میانہ ضلع پشاور کا رہائشی ،تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پرمنتقل کراچی میں کالعدم ٹی ٹی پی کا کارکن گرفتار،رینجرزحملہ میں6دہشتگردماسٹر مائنڈ قرار

لاہور،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی)نے اوکاڑہ میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کیلئے مبینہ جاسوسی اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام  میں ایک مشتبہ ملزم کو گرفتار کرلیا ۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم اوکاڑہ کے علاقے کوہِ نور سٹی، فیصل آباد روڈ پر مبینہ طور پر حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی غرض سے موجود تھا۔ ملزم کی شناخت روز علی خان سکنہ ارمڑ میانہ ضلع پشاور کے طور پر ہوئی ۔ اس کے قبضے سے بارودی مواد، ایک پرائما کارڈ، ڈیٹونیٹر، برقی تار، تین بیٹریاں اور دو موبائل فون برآمد ہوئے اور تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ کراچی میں رینجرز کی ٹرانسپورٹ کمپنی پر خودکش حملے اور فائرنگ کے مقدمے میں پولیس نے کالعدم جماعت الاحرار کے کمانڈر عمر قاری سمیت چھ دہشت گردوں کو حملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق 27 جون کو رات 8 بج کر 10 منٹ پر گلستانِ جوہر میں رینجرز ورکشاپ کمپنی کے گیٹ پر ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں حوالدار ریاض، سپاہی داؤد پرویز اور سپاہی عبدالقدیر شہید ہوگئے ۔ دھماکے کے فوراً بعد تین مسلح دہشت گرد خودکار ہتھیاروں اور ہینڈ گرینیڈز سے لیس ہو کر اندر داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کی۔ رینجرز کی سپیشل فورس اور کیو آر ایف کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد مارے گئے ، جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جس نے اپنا نام عثمان علی بتایا۔ پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گرد نے دورانِ تفتیش بتایا کہ اس کا تعلق جلال آباد، افغانستان سے ہے اور وہ اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ حملے سے ایک ہفتہ قبل کراچی پہنچا تھا ،چاروں حملہ آوروں کا تعلق افغانستان میں موجود کالعدم جماعت الاحرار سے تھا، جبکہ انہیں مبینہ طور پر تنظیم کے کمانڈرز عمر قاری، مولوی احرار، عبدالواجد، ملا طاہر افغانی، ملا عبدالمنان اور عمر آفریدی کی نگرانی میں دہشت گردی کی تربیت دی گئی اور منصوبہ بندی کے تحت پاکستان بھیجا گیا۔ دوسری طرف پولیس انویسٹی گیشن ٹیم نے خفیہ اطلاع پر بوٹ بیسن کے علاقے میں کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب مفرور ملزم غلام محمد عرف عمر ولد محمد اقبال کو گرفتار کر لیا جس کا نام فورتھ شیڈول کی فہرست میں شامل ہے اور وہ دہشت گردی کے مختلف مقدمات میں پہلے بھی جیل کاٹ چکا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں