غیر قانونی ہجرت کیخلاف مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ، طلال چودھری

 غیر قانونی ہجرت کیخلاف مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ، طلال چودھری

ہماری مؤثر حکمت عملی سے غیر قانونی مائیگریشن میں 47فیصد کمی آئی ،ویانا میں خطاب گلوبل الائنس ٹو کاؤنٹر مائیگرنٹ سمگلنگ اجلاس کے شرکا کی پاکستان کی کو ششوں کی تعریف

ویانا(دنیا نیوز ) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ غیر قانونی مائیگریشن کے خلاف پاکستان کی کامیاب حکمت عملی دنیا کے لیے مثال بن گئی ہے ، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی مو ٔثر حکمت عملی کے باعث غیر قانونی مائیگریشن میں 47فیصد کمی آئی ہے ۔ انہوں نے گزشتہ روز گلوبل الائنس ٹو کاؤنٹر مائیگرنٹ سمگلنگ کے اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کی جس میں یورپی یونین کی جانب سے غیر قانونی مائیگریشن میں نمایاں کمی پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا گیا ۔ اس موقع پر طلال چودھری نے کہا غیر قانونی ہجرت ایک سرحدی نہیں بلکہ عالمی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے ، اس کیلئے قانونی ہجرت کے مواقع بڑھانا ہونگے ۔انہوں نے کہا جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ حکمت عملی ہی انسانی سمگلنگ کاموثر حل ہے ۔ محفوظ، منظم اور قانونی ہجرت کو فروغ دیئے بغیر غیر قانونی ہجرت کا سدباب ممکن نہیں۔ گلوبل الائنس کے شرکا نے غیر قانونی مائیگریشن کے خلاف ایف آئی اے کی کارکردگی کی تعریف کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں