سندھ طاس پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا،بھارت سے جنگ لڑنا پڑی تو لڑینگے : بلاول بھٹو
ہماری افواج نے بھارت کو جنگ میں عبرتناک شکست دی، مودی کی سازش جانتے ، پاکستانی عوام سیسہ پلائی دیوار ہیں وہ دن دیکھنا چاہتے ہیں جب جی بی اور آزاد کشمیر کے نمائندے وفاق میں مؤثر نمائندگی حاصل کریں:چیئرمین پیپلزپارٹی
اسلام آباد،گلگت (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، بھارت اگر دریائے سندھ کو ہتھیار بنانے کی کوشش کرے گا تو اس کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا، اور ضرورت پڑی تو جنگ سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ہماری افواج نے بھارت کو جنگ میں عبرتناک شکست دی، مودی کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس کی سازش کو ہم جانتے ہیں، اسرائیل کی سازش ناکام ہوئی، مودی افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دراندازی کرنا چاہتا ہے ۔
پاکستان کے عوام سیسہ پلائی دیوار ہیں، دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو عبوری بنیادوں پر مکمل آئینی حقوق، حقِ حکمرانی، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار دلانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وہ دن دیکھنا چاہتے ہیں جب گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نمائندے قومی اسمبلی، سینیٹ اور دیگر وفاقی اداروں میں مؤثر نمائندگی حاصل کریں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، مسلم لیگ (ن)، آزاد امیدواروں، آئی پی پی، مجلس وحدت مسلمین اور دیگر جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گلگت بلتستان میں حکومت تمام شہریوں کی ہوگی،سیاسی اختلافات کو عوامی خدمت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔