تباہ ہونے والابوئنگ 737 مسافر طیارے کے طورپربھی زیراستعمال رہا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ماہرین کے مطابق یہ AP-BOIبوئنگ 737-400 (BDSF) کارگو طیارہ تھا جو 1999 میں تیار ہوا۔ ابتدا میں یہ روس کی ایروفلوٹ اور بعد ازاں گروڈا انڈونیشیا کے زیر استعمال مسافر طیارہ رہا، جبکہ 2012 میں اسے کارگو طیارے میں تبدیل کیا گیا۔
بعد ازاں یہ ٹی این ٹی ایئرویز، اے ایس ایل ایئرلائنز اور فیڈایکس کے زیر استعمال بھی رہا۔ 2024 میں اسے کے ٹو ایئرویز نے اپنے بیڑے میں شامل کیا اور یہ کمپنی کا واحد طیارہ تھا۔اس طیارے میں دو سی ایف ایم انجن نصب ہوتے ہیں۔ اگرچہ یہ ایک پرانا طیارہ ہے لیکن کارگو طیاروں کے معیار کے مطابق زیادہ پرانا نہیں۔ فلائٹ ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ مکمل طور پر فعال تھا اور باقاعدگی سے پروازیں کر رہا تھا۔ طیارے کی آخری پرواز نسبتاً زیادہ دنوں کے وقفے سے 28 جون کو شارجہ کے لیے تھی تاہم اس سے پہلے اس نے مئی اور جون میں کراچی، اسلام آباد اور شارجہ کے درمیان باقاعدگی سے پروازیں کیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ باقاعدہ آپریشنل تھا۔