سولر کٹس کی تقسیم، تنصیب مزید تیز کریں

سولر کٹس کی تقسیم، تنصیب مزید تیز کریں

کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ توانائی کو ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں سولر ہوم سسٹم (ایس ایچ ایس)کٹس کی تقسیم اور تنصیب کا عمل مزید تیز کیا جائے جبکہ کم آمدنی والے خاندانوں کو صاف، سستی اور پائیدار توانائی کی فراہمی کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں 18 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کے سولر ہوم سسٹم منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر یہ منصوبہ سندھ بھر کے 2 لاکھ 75 ہزار مستحق خاندانوں کو مفت شمسی توانائی سے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری توانائی شہاب انصاری، پراجیکٹ ڈائریکٹر دادلو زہرانی اور دیگر اعلیٰ نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ کو منصوبے پر عمل درآمد، مستحقین کے انتخاب، ضلع وار تقسیم، تنصیب کی پیشرفت اور منصوبے کے متوقع سماجی و معاشی فوائد پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ منصوبے کے تحت ہر مستحق خاندان کو مکمل سولر ہوم سسٹم پیکیج فراہم کیا جا رہا ہے ، جس میں 180 واٹ کا سولر پینل، 30 ایمپیئر آور لیتھیم آئرن فاسفیٹ (ایل آئی ایف ای پی او فور)بیٹری کے ساتھ سینٹرل کنٹرول یونٹ، چارج کنٹرولر، موبائل چارجنگ کی سہولت، 25 واٹ کا ڈی سی پیڈسٹل پنکھا اور 5 واٹ کی تین ایل ای ڈی لائٹس شامل ہیں۔ اس منصوبے سے سندھ کے تمام اضلاع میں 2 لاکھ 75 ہزار خاندان مستفید ہوں گے ، جن میں آف گرڈ علاقوں کے ایک لاکھ 32 ہزار خاندان اور آن گرڈ علاقوں کے ایک لاکھ 43 ہزار محفوظ بجلی صارفین شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ کوبتایا گیا کہ منصوبے پر عمل درآمد کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اب تک سندھ کے مختلف اضلاع میں 15 ہزار سے زائد سولر ہوم سسٹم کٹس تقسیم اور نصب کی جا چکی ہیں۔اپریل 2025 میں شروع ہونے والا یہ منصوبہ جون 2027 تک مکمل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ آن گرڈ حصے کے لیے ایسے محفوظ بجلی صارفین کا انتخاب کیا جا رہا ہے جو ماہانہ صفر سے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں جبکہ آف گرڈ حصے کے تحت دور دراز، صحرائی، کوہستانی اور کچے کے علاقوں میں رہنے والے غریب خاندانوں کو شامل کیا جا رہا ہے ۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ اور غربت کا اسکور صفر سے 20 کے درمیان رکھنے والے خاندانوں کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے محکمہ توانائی کو ہدایت کی کہ سولر کٹس کی تقسیم شفاف، مؤثر اور منصفانہ انداز میں یقینی بنائی جائے تاکہ اس کے فوائد حقیقی مستحق خاندانوں تک پہنچ سکیں۔اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے قابل تجدید توانائی کے فروغ اور ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے ، بالخصوص کمزور اور کم آمدنی والے افراد تک پہنچانے کے لیے سندھ حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...