بلوچستان آپریشن، 10 دہشتگرد ہلاک، 2 خواتین خودکش بمبار، ایک سہولت کار گرفتار

بلوچستان آپریشن، 10 دہشتگرد ہلاک، 2 خواتین خودکش بمبار، ایک سہولت کار گرفتار

سوراب اور مستونگ میں کارروائیاں،اسلحہ ،گولہ بارود برآمد، صدر ،وزیر اعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کھڈ کوچہ ،قلات میں مسافر کوچوں پر فائرنگ،3جاں بحق ،4زخمی،پل دھماکے سے اڑادیا،بیکری پر دستی بم حملہ

راولپنڈی،اسلام آباد،کوئٹہ(خصوصی نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر، نامہ نگار)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 10 دہشتگرد ہلاک جبکہ دو خواتین خودکش بمبار اور ایک سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا، پاک فوج کے شعبئہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)نے کہا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے ضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کی گئیں۔مستونگ میں تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو خواتین خودکش بمباروں اور ان کے ایک سہولت کار کو گرفتار کیا گیا ہے جن کا تعلق فتنہ الہندوستان سے بتایاگیا ہے۔

سوراب میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، فوج کے مطابق کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں مزید مبینہ دہشت گردوں کی تلاش کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔صدر مملکت اور وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، صدر زرداری نے کہا بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ شہبازشریف نے کہا کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

قبل ازیں مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں مسافر کوچ پر فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے ، کھڈ کوچہ میں ہی ایک پل کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا جس سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر بڑی گاڑیوں کی آمدو رفت بند ہوگئی تاہم عارضی طور پر چھوٹی گاڑیوں کی آمدو رفت بحال کردی گئی۔ جبکہ تحصیل وڈھ میں کوئٹہ کراچی مین روڈ پر ایک بیکری پردستی بم سے حملہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔قلات کے علاقے میں نجی ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان نے کوئٹہ سے تربت جانے والی مسافر کوچ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔بلوچستان حکومت نے مستونگ کی سب تحصیل کھڈکوچہ میں رات 9 بجے سے تاحکمِ ثانی کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...