جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم انتقال کر گئے
نماز جنازہ آج بعد نماز عصر جامع مسجد منصورہ میں ادا کی جائے گی کینسر میں مبتلاتھے ،جماعت اسلامی مدبر رہنما سے محر وم ہوگئی:حافظ نعیم
لاہور(سیاسی نمائندہ)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم انتقال کرگئے، وہ کچھ عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے، بیماری کے باوجود وہ آخری لمحات تک جماعت اسلامی کی تنظیمی و تحریکی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے ، امیرالعظیم کی نماز جنازہ آج جمعرات کو بعد نماز عصر سوا پانچ بجے جامع مسجد منصورہ میں ادا کی جائے گی۔امیرالعظیم جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت کے اہم ترین ستونوں میں شمار ہوتے تھے ،وہ تنظیمی امور، سیاسی حکمت عملی، کارکنان کی تربیت اور جماعت کے ملک گیر نظم کو مو ثر انداز میں چلانے میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے۔
مرحوم کی تحریکی زندگی کا آغاز طالب علمی کے دور میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستگی سے ہوا،وہ اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے ناظم رہے ، بعد ازاں ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان منتخب ہوئے ،پنجاب یونیورسٹی سٹوڈنٹس یونین کے صدر بھی رہے ۔ جمعیت سے فراغت کے بعد امیر جماعت اسلامی لاہور، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان اور دو مرتبہ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان کی ذمہ داریاں انجام دیں۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ایک مدبر، باوقار، بااصول اور انتہائی مخلص رہنما سے محروم ہو گئی ہے ، جنہوں نے اپنی پوری زندگی اللہ کے دین کی سربلندی، تحریک اسلامی اور پاکستان کی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments