دوسری سہ ماہی:نیب کی ریکارڈ 2452ارب ریکوری
متاثرین کو 42ارب سے زائد واپس ،چھ ماہ کے دوران 5414ارب روپے وصولی آئی سی ٹی اور 3صوبوں میں 10لاکھ 78ہزار ایکڑ سرکاری اراضی واگزار
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) قومی احتساب بیورو نے کہا ہے کہ انسداد بدعنوانی کی مہم اور ریاستی اثاثوں کی بازیابی کا سلسلہ 2026ء کی دوسری سہ ماہی میں بھی موثر نتائج کے ساتھ جاری رہا۔ براہ راست اور بالواسطہ ریکوریز کا حجم 2452 ارب روپے (2.45 ٹریلین روپے )رہا ، ششماہی ریکوری 5414 ارب روپے (5.41 ٹریلین روپے ) تک پہنچ گئی جو اب تک کی سب سے زیادہ ششماہی وصولیاں ہیں۔ بلوچستان، سندھ، پنجاب اور آئی سی ٹی میں 1078283 ایکڑ سے زائد قیمتی سرکاری زمین بازیاب کی گئی۔ نیب (سکھر) سب سے زیادہ ریکوریز کے ساتھ نمایاں رہا جس نے این ایچ اے ، جنگلات اور محکمہ آبپاشی کی 8,53,678 ایکڑ زمین (مالیت 1.01 ٹریلین روپے ) بازیاب کرائی اور صوبائی حکومت کے نام منتقل کی۔ نیب (بلوچستان) نے کوسٹل ہائی وے اور گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی اراضی سمیت ہنگول نیشنل پارک کی 2,09,544 ایکڑ زمین (مالیت 604.64 ارب روپے ) بازیاب کی ہے ۔ نیب (کراچی) نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور غیر قانونی الاٹ کردہ اور مشکوک لیز پر دی گئی 11,422 ایکڑ سرکاری زمین (مالیت 467.11 ارب روپے ) واپس حاصل کی۔ نیب (لاہور) نے پی سی بی ایل اور سرکاری 1,909 ایکڑ زمین مالیت 288.29 ارب روپے بازیاب کی۔ نیب (اسلام آباد/راولپنڈی) نے سی ڈی اے کے فلاحی پلاٹوں کی 810 ایکڑ زمین مالیتی 66.63 ارب روپے مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے بازیاب کرائی۔ نیب (ملتان) نے 2.76 ارب روپے کی 920 ایکڑ سرکاری زمین واگزار کی۔ ہاؤسنگ اور مالیاتی فراڈ کے مقدمات میں 24,365 سے زائد متاثرہ افراد کو ان کی خرد برد کی گئی رقم/اثاثے مالیتی 42.303 ارب روپے واپس دلائے گئے ۔ علاوہ ازیں نیب مکمل کاغذی کارروائی سے پاک ای آفس اور خودکار عمل پر مبنی مصنوعی ذہانت کے نظام پر منتقل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے پیچیدہ و اہمیت والے مقدمات کو سمجھنے اور جلد حل کرنے کا عمل مشین لرننگ سے کیا جائے گا۔ پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی کو بطور سینٹر آف ایکسی لینس فعال کر دیا گیا ہے ۔ نیب عوام کی محنت کی کمائی اور لوٹی گئی رقوم کی فوری بازیابی اور چوری شدہ ریاستی اثاثوں کی بازیابی کے ذریعے بدعنوانی کا خاتمہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے جس کا ثبوت مارچ 2023 سے جون 2026 کے دوران 16,938 ارب روپے (16.94 ٹریلین روپے ) کی حیرت انگیز ریکوری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments