شہباز شریف 5 سال وزیراعظم رہیں گے : حکومت کو چارج شیٹ نہیں کیا، میں بھی اسکا حصہ ہوں، وزیراعظم تمام وزارتوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائیں اور نتائج عوام کے سامنے رکھیں : محسن نقوی

شہباز شریف 5 سال وزیراعظم رہیں گے : حکومت کو چارج شیٹ نہیں کیا، میں بھی اسکا حصہ ہوں، وزیراعظم تمام وزارتوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائیں اور نتائج عوام کے سامنے رکھیں : محسن نقوی

نظام تباہ،پھر بھی ریونیو میں نمایاں اضافہ ،سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں،متعدد اصلاحات کی گئیں، وزیراعظم 14 سے 16 گھنٹے کام کرتے ہیں،نظام درست چلتا تو پاکستان کہیں زیادہ ترقی کر چکا ہوتا جنہوں نے کہا میں نے 30 سال کا سفر 3 سال میں طے کیا، انکی مہربانی،میری کابینہ میں حاضری 70فیصد کے قریب، اپنی کارکردگی پر وزیراعظم کو جوابدہ:وفاقی وزیر داخلہ کی دنیا نیوز سے گفتگو

اسلام آباد (محمد حسن رضا سے )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہبازشریف 5سال وزیراعظم رہیں گے ،حکومت کو چارج شیٹ نہیں کیا ، میں بھی اس کا حصہ ہوں، وزیراعظم تمام وزارتوں کا تھر ڈ پارٹی آڈٹ کرائیں اور نتائج عوام کے سامنے رکھیں تاکہ قوم کو معلوم ہوسکے کہ کون سی وزارت کتنی کارکردگی دکھا رہی ہے۔ دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ بطور وزیر انکی پرفارمنس پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، تاہم وہ اپنی کارکردگی پر وزیراعظم کو جوابدہ ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ انکی درخواست ہے کہ تمام وزارتوں کی تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کرائی جائے تاکہ ہر وزارت کی کارکردگی کا غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جا سکے ۔حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے وزارتوں کا شفاف اور غیر جانبدار احتساب ضروری ہے ۔ تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن سے نا صرف کمزوریاں سامنے آئیں گی بلکہ بہتر کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انکی کابینہ میں حاضری 70 فیصد کے قریب ہے ، وہ وزیراعظم سے درخواست کرتے ہیں کہ انکی وزارت کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے اور جو نتائج سامنے آئیں وہ عوام کے سامنے پیش کیے جائیں۔ اپنی بات پر ابھی بھی قائم ہوں کہ 80 برس سے چلنے والا نظام تباہ حال ہے ، اگر درست چل رہا ہوتا تو پاکستان کہیں زیادہ ترقی کر چکا ہوتا۔

وہ حکومت کا حصہ ہیں، اس لیے اپنی ہی حکومت کو چارج شیٹ نہیں کر سکتے ۔وزیر داخلہ نے کہا وزیراعظم روزانہ 14 سے 16 گھنٹے کام کرتے ہیں، اگر حالات مزید بہتر ہو جائیں تو ایک ہزار گنا بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔موجودہ فرسودہ نظام کے باوجود ایف بی آر کے ریونیو میں اضافہ ہوا، سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کی گئیں اور متعدد اصلاحات کی گئیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وزیراعظم اپنی آئینی مدت کے مطابق پانچ سال پورے کرینگے اور یہ حکومت کہیں نہیں جا رہی۔جن لوگوں نے کہا کہ میں نے 30 سال کا سفر 3 سال میں طے کیا، انکی مہربانی۔ بعض عناصر مسلسل یہ چاہتے ہیں کہ انکے اور وزیراعظم کے تعلقات خراب ہوں، تاہم ایسی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...