وزیراعظم سے ایرانی وفد کی ملاقات، سرحدی تجارت، بارڈر 24 گھنٹے کھلا، سہولیات بڑھانے پر اتفاق
بہتر لاجسٹکس اور کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی لانیکا فیصلہ، 10ارب ڈالر تجارت کا ہدف حاصل ہونیکی امید ہے :شہبازشریف ڈسکوز کی نجکاری منافع بخش انداز میں مکمل کی جائے ،شہبازشریف، معاشی چیلنجز پر ٹیم ورک سے قابو پالیا، صدر جائیکا سے گفتگو
اسلام آباد (نامہ نگار،اپنے نامہ نگار سے ،دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے بہترین ہمسایہ برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خطے میں امن کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے 6 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام اور پاکستان، ایران دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت کے مزید فروغ کے حوالے سے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے حال ہی میں اچھی گفتگو ہوئی ،امید ہے کہ مسلسل کوششوں سے دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے مقرر کردہ 10 ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تجارت، بالخصوص خوراک اور زرعی اجناس و مصنوعات کی تجارت کے فروغ سے دونوں ممالک مستفید ہوں گے ،ملاقات میں پاکستان اور ایران نے سرحدی تجارت کے فروغ، 24 گھنٹے بارڈر کھلا رکھنے کے لیے سہولیات بڑھانے ، بہتر لاجسٹکس اور کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی لانے پر اتفاق کیا، کان کنی کے شعبے خصوصاً قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا،وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی دیا ،دریں اثنا بجلی کی تقسیم کار کمپنیز کی نجکاری اور پرائیویٹائزیشن کمیشن کی اصلاحاتی تنظیم نو پر جائزہ اجلاس کی صدا رت کر تے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے۔
نجکاری میں شامل اداروں میں مستقبل میں صارفین کی شکایت کے ازالے کا جامع اور موثر انتظامی ڈھانچہ یقینی بنایا جائے ،وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیز (ڈسکوز)کی نجکاری میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی اختیار کی جائے ۔ نجکاری کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کا کام ایک ماہ میں مکمل کیا جائے ،ڈسکوز کی نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت میں طے شدہ قواعد اور بہترین حکمت عملی کے مطابق منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں، دریں اثناوزیراعظم سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی(جائیکا )کے صدر ڈاکٹر تاناکا آ کیہیکو کی قیادت میں 9 رکنی وفد نے ملاقات کی ،اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ مشکل معاشی چیلنجز پر ٹیم ورک سے قابو پایا، اب پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے ،وزیراعظم نے کہاکہ حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں صرف 3سالوں میں سرکاری محصولات دگنی ہو گئی ہیں ،وزیراعظم سے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے ملاقات کی اور سندھ کے امور سمیت مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments