آئین کے اندر رہ کر نئے صوبے بنیں تو کوئی اعتراض نہیں : رانا ثنا اللہ

آئین کے اندر رہ کر نئے صوبے بنیں تو کوئی اعتراض نہیں : رانا ثنا اللہ

محسن نقوی کہتے ہیں کہ سسٹم گرگیا ہے وہ کس سسٹم کی بات کررہے ؟ان کا بیان بے معنی ہے ،کوئی سیاق وسباق نہیں ہے چھوٹے یونٹس،نئے صوبوں سے انکار نہیں، صدارتی نظام کی طرف جھکنا ہے تو جھک جائیں،رہنا جمہوری نظام نے ہی ہے ہم ہائبرڈ ماڈل میں نہیں ہیں ،محسن نقوی سے پوچھیں گے کون سا بزنس مین کس کو 50 کروڑ فنڈ دیتاہے ؟ مشیر وزیر اعظم

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر آئین کے اندر رہ کر نئے صوبے بنا ئے جائیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ، چھوٹے انتظامی یونٹس بننے ہیں تو بھی اسی سسٹم سے بننے ہیں، اگر صوبے بننے ہیں تو اسی آئین کے تحت ہی بنیں گے ، ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام ہے ، 1973 کے آئین کی وجہ سے فیڈریشن قائم ہے ،ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کہتے ہیں سسٹم گرگیا ہے وہ کس سسٹم کی بات کر رہے ہیں؟۔ رانا ثنا نے محسن نقوی کے بیان کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا کوئی سیاق وسباق نہیں۔

انہوں نے کہا محسن نقوی کی انتظامی یونٹس سے متعلق بات شاید نئے صوبوں کے بارے میں ہے ، مسائل کے حل کیلئے چھوٹے یونٹس،صوبے اور بااختیار بلدیاتی نظام سے کسی کو انکار نہیں، جو کچھ ہو گا آئین کے تحت ہو گا،اس سے باہر کیسے ہو گا؟ ،انتظامی یونٹس اسی سسٹم میں بننے ہیں،کیا اس سے باہر نکل کر بننے ہیں؟، ہمارے بزرگوں نے 1973 کا آئین بنایا، ہمارے بزرگ اس نتیجے پر پہنچے کہ ملک کیلئے پارلیمانی جمہوری نظام بہتر ہے ،انہوں نے کہا کہ صدارتی نظام کی طرف جھکنا ہے تو اس طرف جھک جائیں،رہنا جمہوری نظام نے ہی ہے ، ہم ہائبرڈ ماڈل میں نہیں ہیں۔

ایک سوال پر کہا کہ محسن نقوی سے پوچھیں گے کون سا بزنس مین کس کو 50 کروڑ فنڈ دیتاہے ؟ ،انہوں نے کہا کہ سیاسی وعسکری قیادت کا باہمی عزت کیساتھ ملک چلانے کا نتیجہ ہے کہ معرکہ حق جیتا،دنیا میں ہماری عزت ہے ، ہمارا نام امن دینے والے ممالک میں شامل ہے ، فیلڈمارشل عاصم منیر قوم کے ہیروہیں، فیلڈ مارشل نے قوم کو معرکہ حق کے ذریعے عزت دی، انہوں نے کہا کہ پہلے بھی دہشتگردی پر قابو پایا تھا،اب بھی پائیں گے ۔ آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے کہا کہ میرپور میں 13 سیٹوں پر الیکشن میں 53 فیصدٹرن آؤٹ تھا، کالعدم ایکشن کمیٹی کا مقصد تھاکہ آزاد کشمیر الیکشن نہ ہوں۔

سندور ٹووالوں کا ایجنڈا ہے کہ آزاد کشمیر میں الیکشن نہ ہوں، آزاد کشمیر میں الیکشن نہ ہوتے تو مودی کا سندور ٹو کا ایجنڈاکامیاب ہوجاتا۔ایک اور انٹرویو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ صدر آصف زرداری نظام گرنے نہیں دیں گے بلکہ سنبھال لیں گے ، انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے قائد نوازشریف نے اتوار کے روز اجلاس بلایا ہے ، اس میں نئے صوبوں سے متعلق بات کی جائے گی اور کئی اہم فیصلے ہوں گے ،نواز شریف نے صرف محسن نقوی نہیں بلکہ پارٹی رہنمائوں کو آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے متعلق بھی بیان بازی سے روکا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...