نئے صوبوں کیلئے آئین میں ترمیم کر لی جائے
کراچی(آئی این پی)سابق وفاقی وزیر اور عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل نے بھی وزیر داخلہ محسن کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی نے جو بات کی وہ درست ہے، دیر آئے، درست آئے۔
سسٹم کی ناکامی اور نئے صوبوں کی بات سیاسی جماعتوں کی نا اہلی اور کرپشن کی وجہ سے ہو رہی ہے ۔ ن لیگ کے چند وزرا کے علاوہ نظام نہ چلنے کی بات کی کسی نے تردید نہیں کی، پی پی پی نئے صوبوں کی بات نہیں مانتی تو کراچی کو وفاق کے تحت چلانے کا فیصلہ ہو سکتا ہے۔ ایک انٹرویو میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئین میں ترمیم کر لی جائے ، جیسے 26 ویں اور 27 ویں ترمیم ہوئی، اس کے بعد جو چاہے صوبہ بنائیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی نئے صوبوں کی مخالفت صرف اپنی جاگیر اور حکومت بچانے کیلئے ہے ۔ اگر پی پی بات نہیں مانتی تو پھر کراچی کو وفاق کے ماتحت چلانے کا فیصلہ ہو سکتا ہے ۔ اگر پیپلز پارٹی درمیان کا راستہ مان لیتی ہے تو، کراچی با اختیار وفاقی فنڈز ڈویژن بن سکتا ہے ۔ صرف کراچی ہی نہیں، بلکہ حیدرآباد، لاڑکانہ، میرپورخاص اور نواب شاہ ڈویژن بھی ہونے چاہئیں ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے پہلے اپنے صوبوں سے لوکل گورنمنٹ کے نظام کو ختم کیا۔ ان تینوں سیاسی جماعتوں سے عوام کے لیے کسی فیض یا خیر کی امید نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments